سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 80 سال قبل جس مقام پر آزاد ملک کے لئے قرارداد منظور ہوئی تھی اسی جگہ اس عہد کو دوہرایا جا رہاہے کہ ہماری جدوجہد ووٹ کو عزت دو کے لئے ہے اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) شجاعت علی پاشا کی رہائش گاہ دوبرجی ملیاں میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور سے رکن قومی اسمبلی نزہت بانو، رکن قومی اسمبلی شیزا فاطمہ، ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس ملک کو فوج کشی یا کسی جنگ کے نے نتیجے میں حا صل نہیں کیا گیا تھا بلکہ آزادی کی جنگ سیاسی ورکروں نے لڑی تھی جس میں خواتین کا کلیدی کردار تھا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ستر سال بعد عام آدمی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ ہم ووٹ کی عزت کی جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔ خواجہ آصف نے کہا لاہور جلسے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ہمارے پاس ریلیوں اور لانگ مارچ جیسے آپشن موجود ہیں۔
ملکی آزادی کی جنگ سیاسی ورکروں نے لڑی‘ کسی ادارے نے حاصل نہیں کیا: خواجہ آصف
Dec 12, 2020