ملتان(نمائندہ نوائے وقت) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انجینئرز نے پانی کی چوری روکنے اور واٹر ریگولیٹری اتھارٹیز کو پانی کی شفاف ترسیل کی پیمائش بتانے والا فلوولاسٹی میٹر تیار کر لیا۔ پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے نئی ایجاد پر سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے نہ صرف پانی کی منصفانہ سپلائی کے مرکزی نظام کی پیمائش میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی بلکہ چھوٹے پیمانے پر نہروں اور موگوں میں پانی کی چوری روکنے کے لئے نظام وضع کیا جا سکے گا۔ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کو کمرشلائز کرنے کے لئے اورک بھرپور وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ ایجاد کے پرنسپل انوسٹی گیٹر ڈاکٹر عزیر قمر نے کہا کہ یہ آلہ ایک سے دوسری جگہ باآسانی منتقل کیا جا سکتا ہے جس سے مختلف مقامات کی مانیٹرنگ میں مدد لیتے ہوئے ڈیٹا لیا جا سکتا ہے۔تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشاد‘ پروفیسر ڈاکٹر اﷲ بخش ‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف و دیگر ماہرین اور انجینئرز نے اظہار خیال کیا۔