لاہور +رائے ونڈ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) مریم نواز شریف کی جانب سے 13 دسمبر کو لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسہ کے حوالہ سے لوگوں کو شرکت کی دعوت دینے کے لئے نکالی گئی ریلی پر اچھرہ‘ گوالمنڈی‘ مزنگ اور لوہاری تھانے میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ 200 سے زائد لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کو مقدمات میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمات کرونا وائرس کے حوالہ سے جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی‘ روڈ بلاک کرنے اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے کی دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔ پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ نے بتایا ہے کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی ہدایت پر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گے۔ مقدمات ضلعی انتظامیہ کی مدیت میں درج کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب مریم نواز کو کھانا کھلانے والے ریسٹورنٹ بھی پرچہ کٹ گیا۔ استقبالی کیمپ لگانے پر (ن) لیگ لاہور کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان و دیگر کارکنوں کے خلاف بھی ایف آر کاٹ دی گئی۔ ہوٹل کے خلاف مقدمہ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے۔رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے جاتی امرا ریلی میں شرکت کرنیوالے مسلم لیگی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ مقدمہ میں 16نامز د لیگی رہنمائوں میں عاصم خان عاصی، اکرم گجر ، سابق یو سی چیئرمین افضل میو، سابق وائس چیئرمین رانا پرویز اختر، کونسلرز میں ریحان تاجدین، محمد افضل لدھیکے، مرز اشتیاق بیگ ودیگر شامل ہیں جبکہ 200نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔