جے یو آئی کے متعدد‘ بی این پی کے تمام ارکان اسمبلی مستعفی 

کوئٹہ/ بنوں/ کراچی (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسمبلیوں سے استعفیٰ کے اعلان کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی کے تمام ارکان قومی و  صوبائی اسمبلی مستعفی ہوگئے۔ جمعیت علماء اسلام کے تمام ارکان قومی اسمبلی جبکہ 7ارکان صوبائی نے استعفوں کی تصدیق کردی۔ حکومتی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کا مستعفی ہونے کا اعلان۔ تاہم ارکان کے مستعفی ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے اعتماد کرنے پر پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بی این پی کے صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی نے بتایا کہ انکی جماعت کے تمام 10 ارکان صوبائی اسمبلی نے استعفے انہیں ارسال کر دئیے جو وہ پارٹی قیادت کو پیش کریں گے۔ جبکہ جمعیت علماء اسلام کے 7 ارکان ملک سکندر خان ایڈوکیٹ، میر زابد علی ریکی، شام لعل لاسی، اصغر علی ترین، مولوی نور اللہ، حاجی نواز کاکڑ، عبدالواحد صدیقی نے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی جو پی ڈی ایم کا حصہ ہے کے پارلیما نی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے پارٹی مرکزی قیادت کے فیصلے پر عمل کرنے کی تصدیق کی اور گزشتہ روز پارٹی کے پارلیمانی گروپ کا اجلاس بھی طلب کیا تھا تاہم اب تک انکی جانب سے پارٹی ارکان کے مستعفی ہونے کی تصدیق نہیں کی جاسکی اور نہ ہی جمعہ کو ان سے رابطہ ہوپایا۔ پی ڈی ایم کے اعلان کی حمایت میں آزاد رکن نواب اسلم رئیسانی بھی صوبائی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔ جبکہ پشتونخوا میپ کے رکن نصر اللہ زیرے نے بھی استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے تاحال مستعفی ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان نہیں کیا۔ ضلع  بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان کے جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے اپنے استعفے مولانا فضل الرحمان کے پاس جمع کرا دیئے۔ رکن قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے بتایا کہ قیادت نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا ان ہی کی ہدایت پر استعفے جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا۔ ترجمان کے مطابق استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ارسال کر دیا ہے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ سیٹ پارٹی کی امانت ہے جب چیئرمین چاہیں گے استعفے سپیکر کو دے دیئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...