جوناگڑھ کے نئے وزیرِ اعظم سلطان احمد علی نے حلف اٹھا لیا 

 اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) جوناگڑھ کے وزیرِ اعظم کی تقریب حلف برداری جوناگڑھ ہاؤس کراچی پاکستان میں منعقد ہوئی۔ جس میں جوناگڑھ کے گیارہویں نواب، نواب محمد جہانگیر خانجی کے علاوہ جوناگڑھ ریاست کی اسٹیٹ کونسل کے ممبران سمیت پاکستان کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اصلاحی جماعت کے سربراہ خانوادہ حضرت سخی سلطان باھو حضرت سلطان محمد علی صاحب ، نواب آف جوناگڑھ کی خصوصی دعوت پر شریک تھے۔ ولی عہد ریاست جوناگڑھ نوابزادہ علی مرتضی خانجی بھی موجود تھے۔   جوناگڑھ ریاست کے دیوان (وزیر اعظم)سے نواب آف جوناگڑھ نواب محمد جہانگیر خانجی نے باقاعدہ حلف لیا اور اس موقع پر نئے وزیراعظم سلطان احمد علی   کو جوناگڑھ ریاست کی روایتی دستار پہنائی اور انہیں شاہی فرمان بھی دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاست جوناگڑھ کے گیارہویں نواب، نواب محمد جہانگیر خانجی نے کہا کہ ہمارے دادا نواب محابت خانجی نے 1947 میں قیامِ پاکستان کے بعد پاکستان سے باقاعدہ الحاق کر کے جوناگڑھ ریاست کی تمام سرکاری عمارتوں پر پاکستانی پرچم لہراکر  اس بات کا اعلان کیا تھا کہ جوناگڑھ ریاست اب پاکستان کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ حکومتِ پاکستان جوناگڑھ ریاست کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کیلئے سفارتی جدوجہد کے ساتھ اب عملی جدوجہد بھی کرے گی۔ نواب جہانگیر خانجی نے پاکستان کے پولیٹکل نقشے میں جوگڑھ ریاست کو شامل کرنے پہ حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیااور ساتھ ہی ریاست جوناگڑھ میں اپنی عوام  کو نوجوان باصلاحیت ہونے کے ساتھ ریاست جوناگڑھ کے ساتھ محبت کرنے والے نئے وزیرِ اعظم سلطان احمد علی کو مبارکباد پیش کی۔  اس موقع پر نواب محمد جہانگیر خانجی (نواب آف جوناگڑھ)، صاحبزادہ سلطان محمد علی، صاحبزادہ سلطان احمد علی (دیوان جوناگڑھ)، معین خان (نائب دیوان جوناگڑھ)، نواب زادہ علی مرتضی خانجی، عقیل خان، انجینئیر اقبال قریشی، فیصل عزیز، عبدالغنی سلیمان، ڈاکٹر حاجی حنیف طیب، علامہ بلال سلیم قادری، ریحان ہاشمی، عادل ابراہیم، محمود خان، طارق رنگون والا، کرنل رضوان، ڈاکٹر جاوید عزیز، پروفیسر رخسار احمد، عارف پنجوانی،  زوہیب طاہر، عبدالعزیز عرب، فیروز صدیقی اور بشیر محمد منشی موجود تھے۔ تقریب کے دوران کووڈ ایس او اپیز پہ مکمل عمل در آمد کیا گیا اور تقریب کو مختصر رکھا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن