اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی اور ان سے پنجاب آب پاک اتھارٹی اور کپاس کی فصل کی بہتری کیلئے اصلاحات پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیرِ اعظم نے آب پاک کے تحت لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے پر عملی کام جنوری 2021 سے شروع ہو رہا ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیرِ اعظم کو کپاس کی فصل کے حوالے سے اصلاحات کے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب اور وزیرِ اعلی پنجاب کی سربراہی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ معیاری بیج کپاس کی پیداوار بڑھانے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے جس کے ساتھ ساتھ معیاری پیسٹی سائیڈ کی فراہمی کو یقینی بنا کر کپاس کی فصل کی پیداوار کو بڑھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم لاہور میں جلسہ کے حوالے سے وفاق کا کشیدگی کے خاتمے اور سافٹ کارنر پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ کس حد تک مذاکرات کرنے ہیں اور پنجاب میں کیا حکمت عملی ہونی چاہئے‘ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز مشاورت کے لئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو اسلام آباد طلب کیا۔ ذرائع کے مطابق گورنرپ نجاب نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم تجاویز دیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے نے ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کی معیشت کے لئے خوشخبری ہے کہ مسلسل 6 ماہ سے ترسیلات زر 2 ارب سے زائد ہیں۔ رواں سال ترسیلات زر 28 اعشاریہ 4 فیصد بڑھیں‘ اور نومبر میں ترسیلات زر 2 ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس بھی ہوا جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ندیم بابر اور وقار مسعود کے علاوہ متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملک کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال پرائمری بیلنس میں سرپلس، ایف بی آر کی محصولات میں 5 فی صد اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 1.2 ارب ڈالر، بیرون ملک سے ترسیلات میں 27 فی صد اضافہ، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 9.1 فی صد اضافہ، سٹیٹ بنک کے ذخائر 13.4 ارب ڈالر اور خاص طور پر بڑے پیمانے کی صنعت، آٹو انڈسٹری اور فرٹیلائزر انڈسٹری کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کی بدولت کرونا وباء کی پہلی لہر میں پاکستان کو باقی دنیا کی نسبت کم نقصان کا سامنا رہا جس کی پوری دنیا پذیرائے کر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام کے ثمرات کو جلد عام آدمی تک پہچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراظعم عمران خان نے ایکوٹور ازم کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو ایکوٹور ازم لانچ کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ قبل ازیں خیبر پی کے حکومت‘ ورلڈ بنک اور نیسلے پاکستان کے مابین شراکت کے معاہدے پردستخط ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں غیرمنظم سیاحت نے بہت نقصان پہنچایا۔ سیاحتی مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان میں جس معیار کی سکینگ ہے شائد دنیا میں نہیں۔ یقین ہے ساری دنیا سے لوگ یہاں سکٹینک کرنے آئیں گے۔ مری میں ناقص منصوبہ بندیی سے عمارتیں کھڑی کی گئیں۔ مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے۔ سیاحتی مقامات پر لوگوں کوفائدہ پہنچانا چاہئے۔ انہوں نے معاہدے پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی تعریف کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمودخان نے ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال قبائلی اضلاع کی ترقی پر بات چیت کی گئی
معاشی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں: عمران
Dec 12, 2020