کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے والی کثیر المنزلہ عمارتوں کو خوبصورت بنایا جائے گا، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر قائم عمارتوں کے مکین ان پر رنگ و روغن کرانے اور تزئین و آرائش کے پابند ہوں گے، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایم سیز اور کے ایم سی کا عملہ ان احکامات پر عملدرآمد کرائیں، یہ بات انہوں نے شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کراچی کی بیشتر عمارتیں رنگ و روغن سے محروم ہونے کی وجہ سے شہر کے حسن پر بدنما اثرات مرتب کر رہی ہیں جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ بے رنگ اور بدنما درو دیوار دیکھنے والوں کے ذہن پر برا تاثر چھوڑتے ہیں اور کسی بھی میٹروپولیٹن شہر کے لئے یہ اچھی بات نہیں، انہوں نے کثیر المنزلہ عمارتوں اور بنگلوں کے مکینوں سے کہا کہ وہ اپنی بالکونیوں میں گلدستے سجا کر عمدہ ذوق کا ثبوت دیں اور خاص طور پر اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر قائم عمارتوں کے مالکان اپنے ٹیرس اور بالکونیوں کو ہرا بھرا رکھیں، کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ شاہراہوں اور عوامی مقامات پر شجر کاری اور سبزہ کاری کے مقاصد اس وقت تک حاصل نہیں ہوسکتے جب تک ان شاہراہوں اور سڑکوں کے اطراف کا ماحول خوبصورت اور سرسبز نہیں بن جاتا لہٰذا ان تمام جگہوں پر رہنے والوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ خود اپنی رہائش کی جگہ کو دلکش اور دیدہ زیب بنائیں اور شہر کی خوبصورتی میں اپنا حصہ ڈالیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری اچھا ذوق رکھنے کا ثبوت دیں اور شہر کو خوبصورت بنانے کی اس کوشش میں شہری اداروں کا ہاتھ بٹائیں ہم سب مل کر ہی اس شہر کو بہتر اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔