حکومت کوگھربھیجنے کیلئے ہرآپشن استعمال کرینگے ،نثارکھوڑو

Dec 12, 2020

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کے پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور اسمبلیوں سے استعفے دینے کے معاملے پر کلیئر ہے اور پارٹی کا ہرممبر قیادت کے حکم پر عمل کرنے کا پابند ہے، ملک اور عوام پر سول ڈکٹیٹرشپ کی صورت میں مسلط اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تمام آپشن استعمال کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کیا ، نثار کھوڑو نے کہا ہے کے اپوزیشن کوئی اور این آر او نہیں مگر نیازی رموول آرڈیننس کی صورت میں این آر او چاہتی ہے، عوام نیازی رموول آرڈیننس والااین آر او لے کر رہے گی اور وزیراعظم کو ہر صورت گھر جانا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس خوش فہمی میں نہ رہے اور استعفوں کے بعد ضمنی انتخابات نہیں ملک میں قبل از وقت انتخابات ہی ہونگے، انہوں نے کہا کہ عمران خان ماضی میں شیخ رشید کو چپڑاسی رکھنے کے قابل نہیں سمجھتے تھے اب انہیں وزارت داخلہ دینے پر مجبور ہوگئے انہوں نے کہا کہ چپڑاسی کے لئے قابل نہ سمجھنے والے شخص کو وزارت داخلہ سونپنا وزیراعظم عمران خان کا ایک اور یوٹرن ہے، نثار کھوڑو نے کہا کے وزیراعظم عمران خان ملک اور عوام کے لئے کچھ اور تو نہیں کر سکے ہیں مگر یوٹرن لینے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے یہ وزیراعظم کا 250 واں یوٹرن ہے۔

مزیدخبریں