لاہور+اسلام آباد (نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی) خیبر پی کے کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ویکسی نیشن ورکرز کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید اور ایف سی افسر زخمی ہو گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق ویکسی نیشن مہم کے ترجمان ایمل خان نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ پولیو کے خلاف پانچ روزہ مہم کے دوسرے روز پیش آیا۔ ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ٹانک سجاد احمد نے کہا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے چدرار کے علاقے میں پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل موقع پر ہی شہید ہو گیا، جبکہ فرنٹیئر کانسٹبلری افسر شدید زخمی ہوا۔ تاہم ویکسی نیشن ٹیم کے اراکین کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس کی بھارتی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ جبکہ حملہ آوروں کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ واضح رہے کہ جمعرات کو ٹی ٹی پی کی جانب سے حکومت کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پہلا حملہ ہے۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حملے کی مذمت اور حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہل کار کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ٹانک میں پولیو ورکرز پر حملہ کرکے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا ہے، پولیو سے محفوظ پاکستان کی منزل میں رکاوٹ بننے والے آخری دہشت گرد کو بھی اس کے انجام تک پہنچانا ہوگا۔
ٹانک:پولیو ٹیم پر حملہ،سیکورٹی اہلکار شہید:ہم نے کرایا،کالعدم ٹی ٹی پی
Dec 12, 2021