ایف بی آرمشاورت سے پراپرٹی کی نئی مارکیٹ ویلیو کا تعین کریگا

Dec 12, 2021

 
اسلام آباد (   نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کے چیئرمین فیض اللہ کموکا نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ایف بی آر آئی سی سی آئی سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پراپرٹی کی نئی مارکیٹ ویلیو کا تعین کرے گا کیونکہ اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے اسلام آباد چیمبر، رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن سیکٹر کے نمائندوں کی ان پٹ حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران چیمبر کی رئیل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپرز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو ایف بی آر کی پراپرٹی ویلیو ایشن پر غور کر کے نئے ریٹس کی تجاویز تیار کرنے کیلئے بلایا گیا تھا۔فیض اللہ کموکا نے کہا کہ ایف بی آرکی یکم دسمبر کو اعلان کردہ غیر منقولہ جائیدادوں کی نئی مارکیٹ ویلیوایشن سے پیدا ہونیوالے مسائل سے حکومت بخوبی آگاہ ہے جبکہ انہوں نے اس معاملے پر چیئرمین ایف بی آر سے بھی بات کی ہے۔ اس مسئلے کے بہتر حل کیلئے جلد ہی بورڈ آف ریونیو پنجاب اور ایف بی آر کا اجلاس بلایا جائے گا ۔جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، سردار طاہر محمود صدر اور مسرت اعجاز چیئرمین فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان، چوہدری محمد مسعود کنوینر آئی سی سی آئی رئیل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپر زکمیٹی، چوہدری محمد نصیر صدر اسلام آباد بلڈرز اینڈ ڈویلپرز، چوہدری زاہد رفیق سیکرٹری جنرل اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن، محمد اعجاز عباسی سابق صدر آئی سی سی آئی، محمد نوید ملک اور طاہر عباسی سابق سینئر نائب صدور، اشفاق چٹھہ سابق نائب صدر اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں