اسلام آباد (خصو صی نامہ نگار) وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکشن کمشن کے خط کا جواب دے دیا، تحر یک انصاف حکومت الیکشن کمشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ تفصیلا ت کے مطا بق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکشن کمشن سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خصوصیات مانگ لیں۔ الیکشن کمشن بلدیاتی انتخابات کا ٹائم فریم اور خریداری سمیت دیگر امور کیلئے فوکل پرسن فراہم کرے۔ وزارت سائنس کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے الیکشن کمشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ الیکشن کمشن بتائے کونسی مشین درکار ہے تاکہ اس کی پروڈکشن کا کہا جائے۔ خط میں الیکشن کمشن کو دیئے گئے دو ڈیموز کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بتایا جائے 17 اگست اور 15 نومبر 2021 کو دیئے گئے ای وی ایم کے ڈیموز میں سے کونسی ای وی ایم درکار ہے، آرٹیکل 220 کے تحت ای وی ایم کی پروڈکشن کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ الیکشن کمشن اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کی ٹائم لائنز دے تاکہ ای وی ایم بروقت فراہم کی جاسکیں۔واضح رہے الیکشن کمشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لئے وزارت سائنس ٹیکنالوجی سے 3900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینز مانگی تھیں۔
حکومت الیکشن کمشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینیںفراہم کرنے کو تیار
Dec 12, 2021