لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی لیڈر کے طور پر ابھرنے کی بھرپور صلاحیت اور وسائل رکھتا ہے ، اس کے لیے گورننس کے مسائل کو حل کرنے کی سرتوڑ کوششیں کرنا ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے لاہور چیمبر میں’’ مساوی معاشرے کی ترقی‘‘ اور’’پولیٹیکل اکانومی آف بیڈ گورننس‘‘ کے موضوع پر کتابوں کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں تاجر برادری، سرکاری عہدیداران اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خطاب کرنیوالوں میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، کتاب کے مصنف جمیل ناصر، معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر شاہد کاردار اور ڈاکٹر ندیم الحق شامل تھے۔سابق گورنر سٹیٹ بینک شاہد کاردار نے کہا کہ معاشی نشوونما، عدم مساوات، ٹیکسیشن ، غربت کے خاتمے اور سیاسی موضوعات کو بڑے احسن طریقے سے یکجا کیا گیا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم الحق نے کہا کہ طویل المدت ترقی صرف بہتر ریاستی ڈھانچے کی بدولت ہی ممکن ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن نے کتابوں کے مصنف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمیل ناصر نے ایک عظیم قومی خدمت کی ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ ایسے اقدامات سے حکومت کو معاشی پالیسی تشکیل دینے کے لیے مددگار معلومات ملیں گی اور وہ باآسانی مستقبل کے لیے لائحہ عمل مرتب کرسکے گی۔