لاہور(وقائع نگار) صوبائی وزیر جنگلی حیات و ماہی پروری سید صمصام علی بخاری سے ڈائریکٹر سفاری کلب انٹرنیشنل اور صدرآئبیریا چیپٹر جوز میریا لوسا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سید صمصام علی بخاری نے معزز مہمان کو محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی طرف سے جنگلی حیات کے تحفظ اور ان کی بقا کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے وہ اقدامات اٹھائے ہیں جس کی ستر سال میں مثال نہیں ملتی۔سید صمصام علی بخاری نے بتایا کہ ناپیدی کے خطرات سے دوچار جنگلی حیات کو بچانا اور ان کی افزائش کو بڑھانا محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے معزز مہمان کو غیر ملکی شکاریوں کو پاکستان میں شکار کی دعوت دینے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔ملاقات میں میں ڈائریکٹر سفاری کلب انٹرنیشنل جوز میریا لوسا نے جنگلی حیات کے تحفظ اور ان کی بقاء کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگلی حیات کسی بھی معاشرے کا قومی ورثا اور قیمتی اثاثہ گردانے جاتے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔