لاہور (نیوز رپورٹر + سٹی رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے عوام کو کام کی بجائے ڈھنڈورا پیٹنے، سیاسی مخالفین کی پگڑیاں اچھالنے اور موروثی سیاست کی عادت ڈال دی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ ن کی سیاست وینٹی لیٹر پر ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف متحد اور سنجیدہ ہوتی تو لانگ مارچ کے لیے چار ماہ کے بعد کی تاریخ نہ دیتی۔ جنہوں نے کچھ نہ کرنا ہو وہ آج کی تاریخ میں ہی کر گزرتے ہیں۔ ان کا لیڈر قوم کے بچے بچے کو مقروض کر کے لندن بچوں سمیت مزے کر رہا ہے۔ شریف خاندان نے کچن کیبنٹ کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش میں پاکستان کا نقصان کیا۔ ان کا بس چلتا تو شریف خاندان کی سفارتکاری بھارتی بیانیے کی ترجمانی تک محدود کر دیتے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداوروزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاورکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ نیا پاکستان صحت کارڈ کے حامل خاندانوں کیلئے یکم جنوری سے پنجاب کے سینکڑوں منتخب سرکاری ونجی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کیلئے ہزاروں بستروں میں اضافہ ہوجائے گا۔ پنجاب میں نیاپاکستان صحت کارڈ کی لانچنگ تقریب کیلئے کمیونی کیشن کی مربوط حکمت عملی بنالی گئی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ انشاء اللہ نیا پاکستان صحت کارڈ گیم چینجرثابت ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے لاہوراور راولپنڈی کے تمام خاندانوں کو نیا پاکستان صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ نیاپاکستان صحت کارڈ وزیراعظم کی روشن خیالی کی بہترین مثال ہے۔ نیا پاکستان صحت کارڈ کے حامل خاندان 10لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ عوام میں وسیع پیمانے پرآگاہی مہم چلائی جائے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں صحت کے شعبہ میں سب سے بڑے منصوبے کے آغازپر وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارخراج تحسین کے مستحق ہیں۔
حسان خاور