سانحہ سیالکوٹ‘ وزیراعظم‘ کور کمانڈرز کانفرنس اعلامیے کی تائید کرتے ہیں‘ بین المذاہب قائدین

Dec 12, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بین المذاہب قائدین نے سانحہ سیالکوٹ کو قابل مذمت اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے توہین ناموس رسالت و توہین مذہب کا نام اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کرنے والوں کے خلاف وزیراعظم پاکستان اور کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ لاہور میں مشترکہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، رائیونڈڈایوسس، ڈاکٹر بشپ آزاد مارشل، فیصل آباد ڈایوسس کے بشپ منور مل شائ، سیالکوٹ ڈایوسس کے بشپ ایلون سموئیل ، کتھولک چرچ آف لاہور کے آرچ بشپ سبٹین شائ، ماڈریٹر پریسبٹرین چرچ آف پاکستان کے پادری ڈاکٹر مجید ایبل، ریونڈر عمانوایل کھوکھر، علامہ پیر زبیر عابد، حافظ نعمان، محمد اسلم صدیقی، سکھ رہنما سردارسکندر سنگھ، ہندو رہنما بھگت لال کھوکھر، علامہ اصغر عارف چشتی اور سیالکوٹ ڈایوسس کے شہزاد کھوکھر نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے بعد پوری قوم نے جس اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل قدر ہے۔ انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب کے قائدین مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ مساجد، چرچز اور عوامی مقامات پر اجتماعات منعقد کریں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ جبری مذہب کی تبدیلی یا جبری شادی جیسے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں جو اقلیتوں کیلئے پیدا ہونے والے مسائل کو ابتدا سے ہی حل کریں گی تاکہ مسائل پیدا ہی نہ ہوں۔
قائدین / مذاہب

مزیدخبریں