کراچی (اسپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وہ ٹیم سے نکالے جانے پر دْکھی نہیں بلکہ خوش ہیں اور ڈرامے دیکھ رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سرفراز احمد نے کہا کہ شعر و شاعری کی بات ہے تو آج کل پری زاد ڈرامہ بہت اچھا چل رہا ہے، میری شعر و شاعری پر اتنا غور نہ کریں، اس میں زیادہ مسئلے نہ نکالیں، جو پری زاد کہہ رہا ہے میں بھی وہی کہہ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں کوئی دْکھی نہیں ہوں، بہت خوش ہوں اللہ کا شکر ہے، مزے میں ہوں اور ڈرامے دیکھ رہا ہوں۔اپنی وائرل ہوتی تصویر سے متعلق سابق کپتان نے کہا کہ وہ تھوڑی بہت میری تھی باقی اس تصویر کو ایڈٹ کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سرفراز احمد نے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی تصویر کے ساتھ ایک شعر لکھا تھا جسے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد ان کی اداسی سے منسوب کیا تھا۔