کراچی (این این آئی) سماجی رہنما و ماہر تعلیم حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ کراچی سونے کا انڈہ دینے والی وہ مرغی ہے جس کے انڈے سب کھا رہے ہیں لیکن مرغی کی صحت کی پرواہ کسی کو نہیں ہے چار ہزار ارب کا ریونیو دینے والے شہر پر اگر چار سو ارب ہی خرچ ہوجائیں تو اس شہر میں سے مزید دس گنازیادہ ریونیو پیدا ہوگا، نئے بلدیاتی نطام کے تحت سندھ حکومت تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے بلدیاتی نظام کے تحت شہر کے امور کی نگرانی اور معاملات میئر کے پاس ہوتے ہیں اور ساری دنیا میں ایسا ہی ہوتا ہے کوئی خاص راکٹ سائنس نہیں ہے جو سمجھ میں نہ آئے، یہ جو نیا بل پاس کیا ہے اس میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا یہ صرف عوام کو الجھانے کی کوشش کی گئی ہے کراچی کے انتظامات کراچی کی ایڈمنسٹریشن کے پاس ہی ہونا چاہیے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ سندھ میں نئے بلدیاتی نظام نے شدید بے چینی پھیلا رکھی ہے جس سے کراچی میں بد امنی والی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے،مضبوط بلدیاتی نظام کسی بھی معاشرے میں مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے سندھ حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے نئے بلدیاتی نظا م کے تحت کراچی میں ٹائون کی بحالی کا فیصلہ ہوا اور اس نظام کے تحت بلدیہ کراچی سے صحت، تعلیم کے فرائض واپس لے لیئے گئے ہیں حتیٰ کے پیدائش ، اموات اور شادیوں کی رجسٹریشن کرنے کا بلدیاتی فریضہ بھی اب سندھ حکومت نے خود انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ماضی کی طرح میئر کا انتخاب بھی خفیہ رائے دہی سے ہوگا، انہوں نے کہا کہ قانو ن کے تحت ہر ڈسٹرکٹ میں گریڈ 1سے گریڈ 15تک کی اسامیوں پر اسی ڈسٹرکٹ کے شہریوں کو ملازمتیں مل سکتی ہیں مگر اب یہ قانون صرف فائلوں میں چھپا ہوا نظر آئے گا، اس کے علاوہ نئے بلدیاتی نظام کے مطابق کراچی میں تمام بڑے ہسپتالوں کو حکومت سندھ کے حوالے کردیا جائے گا جن میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، عباسی شہید ہسپتال، سوبھراج میٹرنٹی ہسپتال بلدیہ عظمی کے بجائے صوبائی حکومت کے ماتحت ہوجائیگا، جبکہ کراچی میں 20سے25ٹائون قائم ہوجائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام پر جہاں سیاسی جماعتوں کو اعتراضات ہیں وہیں نئے نظام کے تحت بلدیاتی نمائندے بے اختیار ہوجائیں گے جبکہ ماضی میں میئر کراچی اختیارات نہ ہونے کا شور مچاتے رہے ہیں سندھ حکومت بہت سارے ادارے بلدیاتی حکومت سے لیکر اپنے کنٹرول میں لے چکی ہے اور سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی بھی کسی ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔
حنید لاکھانی
اربوں کا ٹیکس دینے والے شہر پر دس فیصد بھی خرچ نہیں ہوتا، حنید لاکھانی
Dec 12, 2021