انڈیکس بڑھ کر 43300پوائنٹس پر بند سرمائے میں 40ارب اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروباری اتار چڑھائو کے بعد تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 43200 پوائنٹس سے بڑھ کر43300پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 40ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم 52.36فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی میںشرح سودمیں مزید اضافے کے خدشات ،پرافٹ ٹیکنگ اور فرنس آئل کی قلت سے ریفائنری سیکٹر کی سرگرمیاں متاثر ہونے ،آئی ایم ایف کیساتھ معاملات طول اختیار کرنے سے قرضوں کی قسط کے اجراء میں تاخیر کے علاوہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھنے اور ادائیگیوں کا توازن بگڑنے کیساتھ کورونا کی نئی قسم اومی کرون وائرس سے بچائو کے لئے ممکنہ کاروباری پابندیوں کے باعث سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیارکیا جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں 3دن مندی رہی اس دوران انڈیکس 457.71پوائنٹس لوز کر گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل ،کوئلہ سمیت دیگر کموڈیٹیز کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث سیمنٹ ٹیکنالوجی سمیت دیگر سیکٹرز میں تازہ سرمایہ کاری کے باعث تیزی کیونکہ سیمنٹ کی فروخت 10.2فیصدبڑھنے اور اسٹاک مارکیٹ میں نئی کمپنیوں کے اندراج کا رجحان بڑھنے سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بڑھنے سے 2دن کی تیزی سے انڈیکس میں 620.66پوائنٹس کاا ضافہ ہوا ۔گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس44138.97پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی بڑی لہر آنے سے انڈیکس 42972.61پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں162.95پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 43232.83 پوائنٹس سے بڑھ کر43395.78پوائنٹس ہو گیا اسی طرح182.53پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس16718.24 پوائنٹس سے بڑھ کر16900.77پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس29611.01پوائنٹس سے بڑحکر29768.83پوائنٹس پر بند ہوا ،کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 40ارب12کروڑ39لاکھ27ہزار663روپے ہو گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب 14ارب20کروڑ84لاکھ36ہزار320روپے سے بڑھ کر74کھرب54ارب33کروڑ23لاکھ63ہزار983روپے ہو گیا ۔پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ8ارب روپے مالیت کے22کروڑ93لاکھ78ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم6ارب روپے مالیت کے 17کروڑ91لاکھ72ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1667کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 698کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،873میں کمی اور96کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،حیسکول پیٹرول ،ٹریٹ کارپوریشن ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،بائیکو پیٹرولیم ،ٹی پی ایل پراپرٹیز ،غنی گلوبل ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،ہم نیٹ ورک ،جی تھری ٹیکنالوجیز اورایز گارڈنائن سر فہرست رہے ۔
اسٹاک مارکیٹ 

ای پیپر دی نیشن