ڈاکٹر حفیظ الرحمن سیشن2022-25کےلئے الخدمت فانڈیشن کے صدر منتخب

Dec 12, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)الخدمت فانڈیشن پاکستان کے سینٹرل بورڈ آف مینجمنٹ نے آئندہ سیشن 2022-25 کے لئے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کو صدر منتخب کر لیا۔ نومنتخب صدر اِس سے پہلے الخدمت فانڈیشن کے نائب صدر اور ہیلتھ سروسز کے چئیرمین کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ماہر امرض چشم ہیں اور پشاور میڈیکل کالج کے پرنسپل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ نو منتخب صدر نے 1982 میں راولپنڈی میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا۔ اِنہوں نے جنرل ہسپتال راولپنڈی میں رجسٹرار کے طور پر کام کیا۔ انٹرنیشنل اسلامک میڈیکل کالج اسلام آباد میں ایسوسی ایٹ ڈین اور پرنسپل کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ راولپنڈی میڈیکل کالج نے ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈیکل کالج کی سلور جوبلی کے موقع پر اِنہیں گزشتہ 25 سالوں کے بہترین ڈاکٹروں میں منتخب کیا اور انہیں بیسٹ اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ 
پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ڈاکٹروں کی تنظیم پیما کے جنرل سیکرٹری اور صدر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں اور پی او بی کے ذریعے پاکستان کے پسماندہ علاقوں سمیت دنیا کے بیسیوں ممالک میں لاکھوں لوگوں کی آنکھوں کی روشنی لوٹا چکے ہیں۔ پاکستان میں خدمات کے ساتھ ساتھ آپ ڈاکٹروں کی بین الاقوامی تنظیم فیما کی مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے ممبر منتخب ہوئے۔ آپ فیما کے پہلے بین الاقوامی ریلیف کوآرڈینیٹر اور سیکرٹری جنرل رہے،اس وقت موجودہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں۔فیما کے بینائی کے محفوظ پروگرام کے بانی ڈائریکٹر بنے اور گزشتہ کئی سالوں سے دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں اس کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سابق صدر محمد عبدالشکور اور سینٹرل بورڈ نے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں