راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پنجاب کی سرزمین ثقافتی لحاظ سے نہایت زرخیز اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور دنیائے عالم کو متعارف کروانے لیے محکمہ اطلاعات و ثقافت ہمہ تن مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب آصف بلال لودھی نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ابرار عالم کی قیادت میں وفد سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں گندھارا، ہڑپہ، چولستان اور انڈس تہذیب سے روشناس کروانے کے لیے مجوزہ میلوں پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میلے کسی بھی ملک و قوم کی شناخت ہوتے ہیں اور یہی دنیا میں سب سے موثر ابلاغ مانے جاتے ہیں لہذا جدید ابلاغی تکنیکوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان میلوں کو بھرپور طریقے سے منانے کے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ نسل نو کو اپنی تاریخ سے آشنائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس اہمیت پہ زور دیا کہ فن اور فنکار کی ترویج کے لیے تمام دستیاب وسائل کا نہایت سنجیدگی سے استعمال کیا جائے تاکہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اترا جائے۔