اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکرٹری و سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ برطانیہ کے معروف اخبار کی طرف سے وزیراعظم شہبازشریف سے جھوٹے الزام پر معذرت کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یوٹرن خان نے مسلم لیگ(ن) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی لیڈر شپ سے خائف ہوکر من گھڑت الزامات لگائے،شہبازشریف یہاں سے سرخرو ہوئے ہیں اوربرطانوی نیشنل کرائم ایجنسی بھی انہیں کلیٹ چٹ دے چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) جمہوری جماعت ہے جس نے کبھی مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا اور آئندہ بھی نہیں کرے گی، جمہوری قوتیں ہمیشہ مذاکرات کی میز پر مسائل حل کرتی ہیں،شاید عمران نیازی کو "خوار" ہونے کے بعد اس بات کا شدت سے احساس ہواہے لیکن اُن کا ماضی گواہ ہے انہوں نے ہمیشہ غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرقدم پر یوٹرن لیااور آئندہ بھی لے سکتے ہیں،اگر عمران نیازی مسلم لیگ(ن) سے مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں تو شرائط اور گالم گلوچ کے بغیر میز پر آئیں ورنہ مسلم لیگ(ن) کو کسی انتشارپسند سے مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔