اسلام آباد(نا مہ نگار)مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید اسد عباس تقوی نے پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لوگوں میں پہاڑوں کی افادیت بارے شعور اجاگرکرنا وقت کی اشد ضرورت ہے، چینج ہوتے عالمی موسمیاتی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہمیں قدرت کی عطا کردہ ان عظیم نعمتوں کی قدر کرتے ہوئے انکے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ گلگت بلتستان سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں معدنی دولت کو مثر طریقے سے استعمال میں لانے کے اقدامات کرے اور پہاڑوں پر جنگلات لگانے کی سنجیدہ مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ قدرت کے یہ سرسبز و شاداب پہاڑی سلسلے جنت کے حسین مناظر پیش کرتے ہیں اور برف پوش چوٹیاں سیاحوں کے لئے کشش کا باعث بنتی ہیں پہاڑوں کا براراست تعلق سیاحت اور معدنیات سے ہے معدنیات کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے جبکہ دنیا کے کئی ممالک ممالک کی طرح ہم بھی اپنے پہاڑی علاقوں کی منظم تشہیر کر کے بھرپور آمدنی کا ذریعہ ںنا سکتے ہیں ہمارے ملک میں دنیا کے سب سے بلند پہاڑی سلسلے ہیں جن پر توجہ مرکوز کر کے پاکستان کے لیے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالامال پہاڑ انسانی زندگی کے لیے لازم و ملزوم ہیں ہمیں ماحولیاتی آلودگی سے انہیں بچانا ہو گا کیونکہ گلیشیرز کا پانی انسان، حیوان،چرند پرند اور نباتات کی زندگی ہے اور اس پانی کو ذخیرہ کر کے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔