کراکس (این این آئی )وینزویلا کے صدر نکولس مدورو پر ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملے کے الزام میں گرفتار تین ملزمان کو 30 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔2018 میں وینزویلا کے صدر پر ڈرون حملہ کرکے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جو ناکام رہی۔ملزمان میں ریٹائرڈ آرمی میجر ہوان کارلوس، ریٹائرڈ کرنل ہوان فرانسسکو اور ایک خاتون شہری ماریا ڈیلگاڈو شامل ہیں۔تینوں ملزمان کو دہشتگردی، غداری اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے تحت 30 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔48 سالہ ماریا ڈیلگاڈو کے پاس ہسپانوی شہریت بھی ہے اور اس کا بھائی عثمان ڈیلگاڈو امریکا میں مقیم ہے۔عثمان ڈیلگاڈو پر الزام ہے کہ اس نے صدر مڈورو پر حملے کے لیے مالی معاونت کی۔4 اگست 2018 کو دھماکا خیز مواد سے بھرے دو ڈرون طیارے صدر مڈورو کے بالکل قریب پھٹے جب وہ نیشنل گارڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ایک ڈرون فوجی اہلکاروں کے بالکل اوپر فضا میں پھٹا جس سے کچھ اہلکار زخمی ہوئے جبکہ دوسرا ڈرون ایک عمارت سے ٹکرا کر پھٹا تھا۔قاتلانہ حملے میں صدر مڈورو اور ان کی اہلیہ دونوں محفوظ رہے تھے۔
وینزویلا کے صدر پر قاتلانہ حملہ،3 ملزمان کو 30 برس قید کی سزا
Dec 12, 2022