نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے حق خودارادیت کو سیلب کر رکھا : حریت کانفرنس 

سرینگر (اے پی پی‘ کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوی کرنے والے بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت کو سلب کر رکھا ہے جو کہ ایک اشتعال انگیز حملہ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی  ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دینے سے بھارت کے مسلسل انکار سے مقبوضہ علاقے کے باشندے آزادی کے ثمرات، عزت ووقار کی زندگی اور آزادی کے مکمل فوائد سے محروم رہے ہیں جن کی ضمانت اقوام متحدہ کے چارٹر، جنیوا کنونشن اور بنیادی انسانی حقوق کے دیگر بین الاقوامی معاہدوں میں دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی فورسز نے راجوری میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ محاصرے اورتلاشی کی کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب  ضلع راجوری میں ہوائی جہاز نما ایک غبارہ جس پر پی آئی اے(پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز)لکھا ہوا تھا، پایا گیا جس سے علاقے کے لوگوںمیں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم ضلع کے علاقے چنگس میں موقع پر پہنچی۔بھارتی فورسز نے علاقے میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کردی تاکہ یہ معلوم کیاجائے کہ کہیں غبارے کوجاسوسی یا ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے تو نہیں بھیجا گیا ہے۔ایک پولیس افسر نے بتایاکہ غبارے سے کوئی قابل اعتراض مواد نہیں ملا ہے۔

ای پیپر دی نیشن