ساہیوال‘ چیچہ وطنی‘ کسووال ‘ سکھر (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+این این آئی) ساہیوال‘ سکھر میں ٹریفک حادثات میں 5 باراتی جاں بحق‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سکھر میں باراتیوں کی وین ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال سکھر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بارات دو بھائیوں کلتار لال اور اکشے کمار کی بارات ڈھرکی جا رہی تھی کہ گھوٹکی قومی شاہراہ پر وین اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے ایک بارات چیچہ وطنی /11-Lجارہی تھی کہ ملتان روڈ پر فیڈمل کے قریب دولہے کے بھائی کی کار تیز رفتاری کے سبب سامنے جانے والے ٹرالر کے نیچے گھس گئی جس کے نتیجہ میں کار نمبری 634/ADZمیں سوار دولہے کا 29سالہ بھائی عمر سلیم اور 27سالہ نبیل جاں بحق ہو گئے جبکہ 3نوجوان عمران اور نبیل وغیرہ زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو 1122کے عملہ نے طبی امداد دیکر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا ۔ حادثہ کے بعدٹرالر ڈرائیور فرار ہو گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے ۔ کار کی کھڑکی سے باہر نکل کر بارات کی مووی بناتے ہوئے گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہو گیا۔ بورے والا سے بارات واپس چیچہ وطنی آرہی تھی کہ راستے میں امین کار کی کھڑکی سے باہر نکل کر بارات کی مووی بنا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی گاڑی نے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں امین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بھائی نعیم زخمی ہو گیا۔