لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار کے علاقے میں مالک نے 10 سالہ گھریلو ملازمہ کو بیہمانہ تشددکا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے ہمسائے کی اطلاع پر ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمیر شریف ملازمہ جینا پر بیہمانہ تشدد کر رہا تھا۔ بچی کی چیخ و پکار پر ہمسائے نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے ملزم عمیر کو حراست میں لے کر متاثرہ ملازمہ جینا کو تحویل میں لے کر اس کا میڈیکل کروا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں بچی جینا کے جسم پر جگہ جگہ تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق بچی جینا گزشتہ تین ماہ سے ان کے گھر پر بطور گھریلو ملازمہ کام کر رہی تھی۔ ساندہ پولیس نے شہری کو تاوان کے لئے اغواء اور تشدد کا نشانہ بنانے والے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقدمہ کے مطابق شہری شاہد کو نومی نامی لڑکے نے ٹیلی فون کر کے ڈبل سڑکاں بلایا۔ ڈبل سڑکاں پر پہلے سے ہی موجود جہانگیر جٹ اور اس کے ساتھی اسے زبردستی شکیل بٹ کے ڈیرہ پر لے گئے۔ ملزمان نے شاہد کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور شاہدکے گھر والوں سے دس لاکھ روپے تاوان کا تقاضا کیا۔ ملزمان نے شاہدکے بھائی سے10ہزار روپے وصول بھی کئے۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کر کے جہانگیر جٹ اور شکیل بٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات بند کر دیا گیا ہے۔ واقعہ 20 نومبر کو پیش آیا۔ جس کی درخواست ساندہ پولیس کو 9 دسمبر کو موصول ہوئی تھی۔
سبزہ زار: گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد‘ مالک مکان گرفتار
Dec 12, 2022