ملک کو شدید خطرات ،سیاستدان مل بیٹھنے کی بجائے دست و گریبان ‘چوہدری نثار

Dec 12, 2022


کلرسیداں(نامہ نگار)ملک کے معروف سیاستدان سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے ملک کو شدید خطرات لاحق ہیں میں ان کا اظہار نہیں کرسکتا سیاستدان مل بیٹھ کر حالات کو درست کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے آپس میں دست و گریبان ہیں اللہ کا کوئی معجزہ ہی ملک کو اب بچا سکتا ہے۔چار برس خاموش رھا عوام اب لنگوٹ کس لیں میں الیکشن لڑوں گا الیکشن کے بعد فیصلہ کروں گا کس جماعت میں جانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تخت پڑی میں سابق چیئرمین چوہدری خلیل احمد کی میزبانی میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چوہدری نثار علی خان نے کہا مجھے ووٹ دینے والوں کو کبھی شرمندگی نہیں ہوسکتی میں نے اللہ کی توفیق سے ووٹ کو عزت بھی دی اور لوگوں کے ترقیاتی کام بھی کیئے۔آج بڑے بڑے تیس مار خانوں کو لوگ کرپٹ کہہ جاتے ہیں مگر مجھ پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا مگر میں جو کچھ بھی ہوں وہ اللہ کے بعد آپ لوگوں کی ووٹوں کی وجہ سے ہوں۔انہوں نے کہا لوگ سوال کرتے ہیں میں کسی پارٹی میں شامل کیوں نہیں ہو جاتا تو میرا جواب یوں ہے کہ عمران میرا سکول اور کرکٹ سے دوست ہے اس نے مجھے ہمیشہ عزت دی میں اس دوستی کو قائم رکھنا چاہتا ہوں دوسری جانب میں ان لوگوں میں شامل ہوں جنہوں نے مسلم لیگ ن قائم کی میں نے تیس برس اس جماعت کو دیئے میں نہیں چاہتا ان کے ساتھ شامل ہوکر عمران کو برا کہوں یا عمران کے ساتھ کھڑا ہوکر جس مسلم لیگ ن میں تیس برس گزارے اسے برا کہوں،میں سیاست میں جاری گالم گلوچ کی سیاست کا حصہ ہرگز نہیں بننا چاہتا۔

مزیدخبریں