پشاور،طورخم،ڈی آئی خان میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں،3پلازے سیل،لاکھوں ڈالر برآمد،کئی گرفتار

Dec 12, 2022


پشاور (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) غیر ملکی کرنسی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایف آئی نے پشاور‘ ڈیرہ اسماعیل خان  کے مختلف بازاروں میں گرینڈ آپریشن کے دوران تین پلازے سیل کر دیئے گئے جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔ کئی افراد پکڑے گئے۔ تینوں پلازوں میں 30 سے زائد دکانیں تھیں۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملک میں ڈالر کی اْڑان کم کرنے کے لئے پشاور میں ہنڈی حوالہ بزنس کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ کرنسی ڈیلرز پاکستان سے ڈالرز خرید کر افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو بھیجتے تھے۔ جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی۔ ڈالر کی قلت، سرمایہ کاروں نے سونا خریدنا شروع کر دیا۔ سونے کی طلب 34فیصد اضافے کے ساتھ13 ٹن ہوگئی۔ 10تولہ طلائی بارکی مانگ بڑھ گئی۔ وفاقی حکومت نے ڈالر سمیت دوسری غیر ملکی کرنسی اور سونے کی افغانستان کو سمگلنگ روکنے کیلئے ایف آئی اے کے کرنسی ڈکلیئریشن سسٹم (سی ڈی ایس)کو انٹریگریٹڈ بارڈرز مینجمنٹ سسٹم سے منسلک کرنے سمیت بارڈرز کسٹمز سٹیشن اور ایئر پورٹ پر مانیٹرنگ و انفورسمنٹ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دستاویز کے مطابق بارڈرز ٹاسک فورس برائے انسداد منی لانڈرنگ نے غیر ملکی کرنسی اور سونے کی سمگلنگ روکنے کیلئے تجاویز پیش کر دی ہیں۔ کسٹم حکام نے طورخم سرحدی گزرگاہ پر کارروائی کے دوران 15 ہزار امریکی ڈالر برآمد کر لئے۔ کلکٹر کسٹم کے مطابق افغانستان جانے والے مسافر سے دس ہزار امریکی ڈالر برآمد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی میں افغانستان جانے والی خاتون مسافر سے 5 ہزار امریکی ڈالر برآمد کر لئے گئے۔

مزیدخبریں