اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے مستقبل میں غیرملکی سرمایہ کاری کو تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کر لیا۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق بل کا مقصد سرمایہ کاروں کو غیر ضروری عدالتی کارروائیوں سے تحفظ دینا بھی ہے۔ ریکوڈک معاہدے پر صدارتی ریفرنس کی روشنی میں قانون سازی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق قانون سازی کیلئے سینٹ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ غیرملکی سرمایہ کاری تحفظ بل میں سرمایہ کاروں کو غیر ضروری پریشانی سے تحفظ حاصل ہوگا۔ قانون سازی سے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول مہیا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون سازی کا فیصلہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑھتی شکایات پر کیا گیا۔ بل پہلے سینٹ میں پیش کیا جائے یا قومی اسمبلی میں؟ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاری کو تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ
Dec 12, 2022