راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) حضور نبی کریمؐ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں عظیم الشان ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کا انعقاد دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور اپنے خطاب میں کہا عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن ہے کہ کائنات کے ذرے ذرے کو عشقِ رسولِ مقبولؐسے منور کیا جائے اور امتِ کا تعلق اس کے روحانی مرکز مدینہ منورہ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا آج حضور نبی رحمت ؐکے جس عظیم الشان میلاد پاک میں ہم اکھٹے ہیں یہی وہ عظیم محافل ہیں جو ربِ رحمن کی بے پناہ رحمتوں اور برکتوں کے حصول کا ذریعہ، مسلمانانِ عالم کو متحد کرنے والی، احترامِ انسانیت اور ہر قسم کی خیر و خوبی کو فروغ دینے والی محافل ہیں۔ امتِ کے پاس دین و دنیا میں سر خرو ہونے کے لئے غلامیِ رسولِ مقبول کے سوا کوئی راستہ نہیں ۔ انہوں نے اپنے وی کے اور یورپی ممالک کے تبلیغی دورے سے واپسی پر عید گاہ شریف میں منعقدہ پہلے ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کے عظیم الشان روحانی اجتماع سے خطاب کے دوران مزید کہا یو کے و یورپی ممالک کے تبلیغی دورے کا مقصد بھی حضور نبی کریم ؐکی اعلیٰ ترین نورانی تعلیمات کو مخلوقِ خدا تک پہنچانا اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی توجہ اس طرف مبذول کرانا تھا کہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی دینِ متین کے سپاہی اور وطنِ عزیز کے سفیر ہیں۔ اس عظیم الشان روحانی اجتماع میں کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں قاری محمد سلیم شہزاد،حافظ محمد اقبال رضوی، پروفیسر عبدالقیوم، علامہ ضمیر اختر رانا، خواجہ وجاہت جمیل و دیگر، نعت خوانانِ عظام جن میں حافظ محمد رضوان، حافظ محمد عامر شہزاد، عبد الکبیر نقشبندی، حافظ غلام مصطفی و دیگر، عوام الناس، وابستگانِ عید گاہ شریف اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اورمتاثرین سیلاب کی آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔