لائن آف کنٹرول کا دورہ،مسئلہ کشمیر حل کرنا ہماری ذمہ داری:سیکرٹری جنرل او آئی سی

Dec 12, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحٰہ نے گزشتہ روز صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کی اور کنٹرول لائن کا دورہ کیا۔ انہوں نے صدر آزاد کشمیر کے ساتھ مظفر آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہمارا کردار رکن ممالک کو صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔ مسئلہ کشمیر او آئی سی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مسئلہ کشمیر کا دورہ اس لئے کیا کہ اپنی آنکھوں سے صورتحال دیکھ سکوں۔ بھارتی فوج کے مظالم سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جموں و کشمیر کے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے لائن آف کنٹرول چکوٹھی سیکٹر کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ‘ سعودی عرب‘ ترکیہ‘ مالدیپ‘ آذربائیجان‘ نائجیریا‘ سینیگال اور متعدد حکومتی عہدیدار حکام بھی ان کے ساتھ تھے۔ قبل ازیں ملاقات کے بعد صدر آزاد جموں و کشمیر نے مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ کشمیریوں کیلئے بہت اہم دن ہے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی کے آنے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ او آئی سی وفد کا دورہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت پیش رفت ہے۔ حسین براہیم طحہ آج اسلام آباد میں قمر زمان کائرہ سے ملاقات کریں گے۔
کشمیر/ او آئی سی
 


 

مزیدخبریں