لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط سیاسی بونوں کا وقت ختم ہونے والا ہے۔ ان تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے سیاسی، معاشی اور سماجی دہشت گردی مسلط کی ہے۔ سٹیٹس کو کے محافظوں کا جینا مرنا یہاں نہیں یہ ملک پر بوجھ ہیں۔ حکمران جماعتیں ناکام، جاگیرداروں، وڈیروں، ظالم سرمایہ داروں اور مافیا سے نجات کے لیے نوجوان کردار ادا کریں۔ حقیقی تبدیلی تب آئے گی جب یوتھ اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہو گی۔ حکمرانوں نے سبز باغ دکھا کر قوم کو اندھیروں میں رکھا۔ ملک کا ہر پانچواں شہری مہنگائی سے تنگ، ڈپریشن کا شکار ہے۔ بے روزگاری نے نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے یوتھ کو سب سے بڑا دھوکا دیا، پی ڈی ایم کی 14جماعتیں بھی آٹھ ماہ میں کوئی بہتری نہ لا سکیں۔ حکمران اشرافیہ استعمار کی وفادار ہیں، ملک کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف، خارجہ حکمت عملی امریکا کے کہنے پر تشکیل دی جاتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کے لیے منظم کر رہی ہے۔ الیکشن سے قبل یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی مکمل کی جائے۔ انتخابات میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دیں گے۔ نوجوان قرآن ہاتھ میں اٹھاکر انسانیت کو استعمار اور غلامی کی دلدل سے نکالے۔ ملک اس وقت آگے بڑھے گا جب یہاں اللہ کا نظام نافذ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی یوتھ بورڈ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل سمیت جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کی تیاریوں، بلاک کوڈ کی سطح پر نوجوانوں کی تنظیم سازی اور دیگر ایشوز سے متعلق گفتگو ہوئی اور تجاویز دی گئیں۔ سودی نظام کا خاتمہ کر یں گے، کشمیر کو بھارت کے قبضہ سے آزاد کرائیں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔
ملک پر مسلط سیاسی بونوں کا وقت ختم ہونے والا ہے: سراج الحق
Dec 12, 2022