لاہور‘ راولپنڈی‘ سیالکوٹ‘ پشاور (نیوز رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر + نمائندوں سے + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر ورکرز کنونشن کا سلسلہ شروع کر دیا جس کا مقصد عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کو متحرک کرنا ہے۔ اس حوالہ سے وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی عہدیداران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ورکرز کنونشن مرحلہ وار ہونگے۔ صوبائی عہدیداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ 17 دسمبر تک ورکرز کنونشن کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا گیا۔ کل 13 دسمبر کو اسلام آباد میں ورکرز کنونشن ہوگا۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری کو ذمہ داری تفویص کر دی گئی۔ 14 دسمبر کو لاہور میں ورکرز کنوشن ہوگا۔ خواجہ عمران نذیر کنونشن کے انتظامات کریں گے۔ 15 دسمبر کو شیخوپورہ میں ورکرز کنونشن ہوگا۔ میاں جاوید لطیف کنونشن منعقد کرائیں گے۔ 16 دسمبر کو قصور میں ورکرز کنونشن ہوگا۔ ملک احمد خان کنونشن کے انعقاد کے انتظامات کریں گے۔ 17 دسمبر میں فیصل آباد میں ورکرز کنونشن ہوگا، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کنونشن کی میزبانی کریں گے۔ وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ عمران خان کے محسن ہیں لیکن یہ شخص محسن کش ہے، صبح شام اپنے محسنوں پر لعن طعن کرتا ہے۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ میں نے باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر غلطی کی، جنرل باجوہ کے پاس جا کرکہتا رہا میں تاحیات آرمی چیف بنانے کی پیشکش کرتا ہوں۔ وزیر دفاع نے خطاب میں کہا باقاعدہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایا گیا، وہ شخص نئی نسل کو تباہ کرکے آوازیں دے رہا ہے کہ اسے الیکشن دیے جائیں۔ انہوں نے کہا عمران خان اچانک نازل نہیں ہوا، اسے ایجنڈے کے تحت لانچ کیا گیا، منصوبہ سازوں نے تہیہ کر لیا تھا کہ اسے ریاست پر مسلط کرنا ہے، اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، عمران خان ایک تجربہ تھا جسے 13-2012ءمیں لانچ کیا گیا تھا، یہ غلط اور تباہی کا تجربہ تھا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سات آٹھ ماہ سے کوشش میں ہیں کہ ملک کو دوبارہ پٹری پر ڈالا جائے، مسلم لیگ ن نے ریاست اور سیاست کا بیڑا دوبارہ اٹھایا، جس طرح نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا تھا اسی طرح ملک کو دبارہ ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔ دوران خطاب خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں تین چار سال جیلیں، قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں، عمران خان کہتا تھا برطانیہ میں انصاف ہوتا ہے، شہباز شریف کو وہاں سے انصاف ملا، آج وہ کہاں ہے جو کہتا تھا اللہ کو جان دینی ہے، منشیات کے جھوٹے کیس میں مرد مجاہد رانا ثناءاللہ باعزت بری ہوا۔ ہم پر زمین تنگ کی گئی لیکن ہمارا رب دیکھ رہا تھا، عمران خان نے خانہ کعبہ والی گھڑی بیچ دی،کارکن کہتے ہیں خان صاحب بڑا ایماندار ہے لیکن یہ تو بڑا چور نکلا، مرشد نے زلفی بخاری کے ذریعے گھڑیاں بیچیں، اس کی دولت اور اقتدار کی ہوس کی کوئی حد نہیں، یہ گناہ عمران اور اس کے ساتھیوں کے ذمے آئے گا۔ انہوں نے کہا لوگوں کو کٹے، چوزے بیچتے بیچتے گھڑیاں بیچنا شروع کر دیں، عوام کو کٹوں اور چوزوں پر لگا دیا اور مرشد کو گھڑیاں بیچنے پر۔ انہوں نے کہا کہ گھڑی چور عمران خان نے توشہ خانہ سے 6 ارب روپے کے زیورات صرف ڈیڑھ کروڑ روپے میں بیچ ڈالے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ اسمبلیاں توڑ دوں گا اب توڑے، اور کرو پرویز الہی پر اعتبار،کل کہے گا کہ میں نے پرویز پر اعتبارکر کے غلطی کی۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی اخبار ڈیلی میل نے معافی مانگی۔ عمران خان جن کی عدالتوں کے گن گاتا ہے‘ انہی کے کہنے پر شہباز شریف سے معافی مانگی گئی۔ مرید نے زلفی بخاری کے ذریعے توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچیں۔ عمران خان نے چندے کے پیسے بھی کھائے۔ حمزہ شہباز نے جھوٹے مقدمات میں 22 ماہ جیل کاٹی۔ مریم نواز کو عدالت نے باعزت بری کر دیا۔ قومیں جعلی اور فراڈیوں کے نعروں کے پیچھے چل پڑیں تو تباہی ہوتی ہے۔ عمران خان اور اس کے ساتھ شریک جرم روز محشر جوابدہ ہونگے۔ انہوں نے کہا دن رات تگ و دوکر رہے ہیں کہ عوام کی مہنگائی سے جان چھڑائیں۔ یہ کہتا ہے میں نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دی غلطی کی‘ روس جا کر غلطی کی‘ آئندہ یہ کہے گا میں نے مرشد سے شادی کر کے غلطی کی۔ انہوں نے کہا میاں نواز شریف کی واپسی کیلئے تیار ہوں۔ وقت پر جو الیکشن ہونگے ان کیلئے تیار ہوں۔ عمران خان محسن کش انسان ہے اور اب حساب دینا پڑے گا۔ اب تمام ادارے آئینی حدود میں اس ملک کی خدمت کریں گے۔ ملک کا اقتدار سونپنے کا اختیار عوام کے پاس ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سیاسی دہشت گرد قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کا ٹولہ 4 سال ملک پر مسلط رہا، فرح گوگی اور پنکی عمران خان کے سارے احکامات مانتی تھیں کہ 3 کیرٹ کا نہیں 5 کیرٹ کا ہیرا لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی2.3 فیصد تھی، لوگوں کے پاس روزگار تھا، ملک میں 14 ہزار میگا واٹ بجلی بن رہی تھی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں لنگرخانے نہیں چل رہے تھے، نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال رہا تھا اور عمران خان دھرنے دے رہا تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا، عمران خان پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں میں ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گھڑیاں بیچ کر پاکستان کی عزت کو نیلام کیا گیا جبکہ ڈیلی میل نے جھوٹی خبر لگانے پر شہباز شریف سے معافی مانگی۔ مریم اورنگزیب نے کہا دن رات شہباز شریف کی ایک ہی سوچ ہے کہ مہنگائی کیسے کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰة، بی آر ٹی کے پیسے کھانے کا جواب دینا پڑے گا، جس جس نے پیسہ کھایا وہ سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ملکی تنزلی اور بربادی کا نشان ہے۔ صرف الزام لگا سکتا ہے، توشہ خانہ چور نے جو الزام لگایا وہ غلط ثابت ہوئے، کوئی ایک منصوبہ نہ لگانے والاملک میں اربوں کی انویسٹمنٹ لانے والوں پر الزام لگاتا ہے۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی امیر مقام نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو چیلنج کیا ہے کہ ہمت ہے تو اسمبلی توڑ کر دکھاﺅ۔ عمران خان نے ملکی معشت اور معاشرت برباد کر دی۔ جھوٹے الزامات لگانے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا دوسروں سے استعفیٰ لینے کا دعویٰ کرنے والے نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا جھوٹا اعلان کیا۔ ہم خوش تھے کہ عمران خان کی طرح ان کی اسمبلیوں سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔ اب کوئی دستخط نہیں کر رہا۔ عمران خان جھوٹا ہے‘ کارکن اس سے اپنی جان چھڑائیں۔ راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی دراصل پاکستان کے 22 کروڑ عوام سے معافی ہے۔ نواز شریف نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جبکہ عمران خان کے آنے کے بعد دہشت گردی دوبارہ شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ چور‘ منی لانڈرنگ کرتے خود پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران بی آر ٹی کا پیسہ ہڑپ کر گئے، جب فیصلہ ان کے خلاف آیا تو الیکشن کمشنر کو گالیاں دیں، بند کمروں میں آرمی چیف کو توسیع دینے اور کمروں سے باہر شہداءکے خلاف مہمیں چلاتے رہے، عمران خان نے نالائق، نا اہل، چور بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ لگایا جس نے پنجاب کو ویران کر دیا۔ تم نے خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی تک بیچ دی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف روزانہ بیٹی کے ساتھ پیشی بھگتنے آتے تھے، انہوں نے اپنے 40 سال کے احتساب کا جواب دیا ہے جبکہ عمران خان سے سوال کریں تو ان کی سانسیں بند ہو جاتی ہیں، وہیل چیئر پر آجاتے ہیں۔
مسلم لیگ ن