پرائیویٹ سیکٹرجلد مائیکرو گرڈز اور ای وی ریوولوشن میں سرمایہ کاری کرے گا،تو صیف فاروقی

Dec 12, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین نیپرا تو صیف فاروقی نے کہا ہے کہ900پراجیکٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 32ارب روپے سی ایس آر کی طرف بھیجے گئے اور 32400آسامیاں تخلیق کی گئیں،عنقریب مائیکرو گرڈز اور ای وی ریوولوشن میں پرائیویٹ سیکٹر سرمایہ کاری کرے گا۔روٹری کلب آف اسلام آباد میٹروپولیٹن نے ایک مقامی ہوٹل میں "اختیارات کے ذریعے خوشحالی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری سے کس طرح ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کی جاسکتی ہے " کے موضوع پر ایک خصوصی گفتگو کا اہتمام کیا۔ چیئرمین نیپرا ،توصیف فاروقی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر روٹری ڈسٹرکٹ گورنر بیرسٹر عدنان صبور روحیلہ نے بھی شرکت کی۔عمران غزنوی صدر روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن نے مہمان خصوصی اور ضلعی گورنر کا خیرمقدم کیا۔مسٹر غزنوی نے سی ایس آر کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ کس طرح ضرورت مند لوگوں کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ پیش کر سکتا ہے۔محمد عارف، ڈائریکٹر ووکیشنل سروسز نے مہمانِ خصوصی کا تعارف کرایا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان واقعی خوش قسمت ہے کہ فاروقی نیپرا کی سربراہی کر رہے ہیں ۔ وہ بجلی کے کے شعبے کی مارکیٹ میں اجارہ داری ختم کرنے کے لیے اور اسے متوازن کرنے کے لیے کامیابی کے ساتھ قواعد و ضوابط لائے۔توصیف فاروقی نے پاکستان میں بجلی اور توانائی کے لیے اپنے وژن، اپنے مخصوص اہداف اور اپنے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے پانچ اقدامات کا ذکر کیا جن میں خوشحالی کے ساتھ اختیار، تحفظ کے ساتھ اختیار، سلامتی کے ساتھ اختیار، اتحاد کے ساتھ اختیار اور خواتین کو بااختیار بنانا۔یہ تمام اقدامات انتہائی قابل تحسین ہیں۔ یہ پہلے سے محروم پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنائیں گے۔ خوشحالی کے ساتھ اختیارکی بدولت طور پر کمیونٹیز کی فلاح و بہبود پر کام کیا جا سکتا ہے۔ کیونکہ یہ پاور لائسنس یافتہ افراد کو کارپوریٹ سماجی ذمہ داری  کی طرف راغب کرتا ہے۔ اس اقدام کے تحت پاکستان کے 75سالوں میں کئی دیہاتوں کو پہلی بار بجلی فراہم کی گئی۔ 900منصوبوں کے ذریعے مجموعی طور پر 32ارب روپے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری  کیلیے بھیجے گئے اور 32400آسامیاں تخلیق کی گئیں۔ اس سیتقریبا 3کروڑ 20لاکھ افراد براہ راست مستفید ہوئے۔انہوںنے یہ بھی بتایا کہ عنقریب مائیکرو گرڈز اور ای وی ریوولوشن میں پرائیویٹ سیکٹر سرمایہ کاری کرے گا۔توانائی، پاور اور  بجلی کے کے حوالے سوال و جواب کا سیشن بہت اہمیت کا حامل تھا جو اس انتہائی اہم شعبے کی نوعیت اور چیئرمین کی جرات مندانہ اصلاحات اور وژن کے پیش نظر رکھ کر پوچھے گئے تھے۔روٹری ڈسٹرکٹ گورنر عدنان صبور روحیلہ نے تقریب کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ روٹری کلب اسلام آباد میٹرو پولیٹن ڈسٹرکٹ گورنرکے دوروں اور میٹنگوں میں شرکت کے لحاظ سے ضلع کے دیگر تمام روٹری کلبوں کی قیادت کر رہا ہے۔ انھوں نے اس عمدہ کارکردگی پر صدر روٹری کلب اسلام آباد میٹرو پولیٹن عمران غزنوی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے تقریب کے مہمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کامیاب لوگوں کی تین خصوصیات ہنر، محنت اور قسمت سے نوازا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سی ایس آر کے لیے اپنے  جذبات کو قابو میں رکھنے  اور ان کا بہترین استعمال کرنے کے طریقہ کار سے آگاہی ہونی چاہیے۔ جیسے ٹیکس چوری، مارکیٹنگ کی چالبازیوں، اور جعلی دعووں کو ختم کرنے میں ہم سی ایس آر کا استعمال کر سکتے ہیں۔بطورِ روٹرین ہم میں تقسیم کرنے کا حقیقی جذبہ ہونا چاہیے۔اجلاس کے اختتام پر صدر عمران غزنوی نے توانائی کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں توانائی کی کمی ہے۔ اس بنا پر ہم گیس اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کے دوران اپنی عادات کو تبدیل کرکے ہی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ مسٹر غزنوی نے کہا کہ ملک بھر میں، خاص طور پر اسکول جانے والے بچوں اورخواتین میں توانائی کے تحفظ سےآگاہ کرنے کے لیے  پروگرام شروع کرنے کی شدید ضرورت ہے۔کلب کی سیکرٹری ڈاکٹر عذرا یاسمین نے شرکاکا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں