اسلام آباد میں بلدیا تی الیکشن ، پولنگ عملے کی تربیت شروع کر دی گئی

اسلام آباد(نا مہ نگار)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ عملے کی تربیت شروع کر دی ہے جو 31دسمبر 2022کواسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔اس وقت اسلام آباد میں 101یونین کونسل ہیں جن کیلئے 14 ریٹرننگ آفیسرز کی تقرری کی گئی ہے۔فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن(ایف ڈی ای)نے الیکشن ڈیوٹیوں کے لیے اساتذہ کے نام بغیر سوچے سمجھے اور بغیر کسی منصوبہ بندی کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوادیے۔ ان ناموں میں کئی ایسے اساتذہ کے نام شامل ہیں جو چند ماہ میں ریٹائر ہونے والے ہیں۔اس کے علاوہ بہت سے معمر اساتذہ کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے لیکن ایف ڈی ای کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے الیکشن ڈیوٹیاں سرانجام دینے پر مجبور ہیں۔ میاں بیوی جو ٹیچر ہیں انہیں بھی الیکشن ڈیوٹی کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جس کے نتیجہ میں ان کے چھوٹے بچوں کی نگہداشت کرنے والا کوئی نہیں ہو گا۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ 55 سال سے زائد عمر کے اساتذہ کو ڈیوٹی سے مستثنی قرار دیاجائے۔ اسی طرح شوہر یا بیوی میں سے کسی ایک کو ڈیوٹی نہیں دی جائے۔ مزید یہ کہ جن اساتذہ کو صحت کے کچھ مسائل ہیں ان کی بھی الیکشن ڈیوٹی نہیں لگائی جانی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن