ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تمام محکموں کے سر براہان کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

Dec 12, 2022


کراچی(این این آئی)ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اتوارکوچھٹی کے روز بھی اپنے دفتر میں کام کیا اور مختلف محکمہ جاتی سربراہان سے محکموں کی کارکردگی اور ریونیو ٹارگیٹ کے حوالے سے گفتگو کی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کنورایوب کو ہدایت کی کہ وہ مقامات جو پارکنگ کے لئے آکشن کئے جاچکے ہیں وہاں پارکنگ کے نظام کو منظم کریں اور شہریوں سے زیادہ فیس وصول کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں اور اگر وہ شہریوں سے زیادہ فیس وصول کر رہے ہیں تو ان کے کنٹریکٹ فوری طور پر منسوخ کردیئے جائیں، انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل برداشت ہے کہ مقرر کردہ فیس سے زیادہ پارکنگ فیس وصول کی جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ویجی لینس ٹیم بنائی جائے جو مختلف مقامات پر جا کر اس بات کو یقینی بنائے کہ مقرر کردہ پارکنگ فیس ہی وصول کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ چھ سائٹس جن کا آکشن نہیں ہوا ان سائٹس کا آکشن اسی ماہ کردیا جائے، کے ایم سی کے کسی بھی افسر یا ملازم کو یہ سائٹ چلانے کا اختیار نہیں ہوگا، انہوں نے ڈائریکٹر سٹی وارڈن کو ہدایت کی کہ تمام سٹی وارڈنز ڈیوٹی پر نظر آنے چاہئیں اور جہاں انہیں تعینات کیا گیا ہے وہاں پوری توجہ اور لگن کے ساتھ وہ اپنے فرائض انجام دیں، انہوں نے کہا کہ پارکوں، اسپتالوں اور دیگر مقامات پر جہاں سٹی وارڈن تعینات ہیں وہ شہریوں کی رہنمائی کریں اور جن سڑکوں پر ٹریفک کے کنٹرول اور بہتری کے لئے انہیں تعینات کیا گیا ہے وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریو ںکا قیمتی وقت اور ایندھن ضائع نہ ہو، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ تمام دفاتر میں افسران اور ملازمین صبح نو بجے تک حاضر ہوں اور وہ محکمے جہاں شہری اپنے کاموں سے آتے ہیں وہ ان سے بھرپور تعاون کریں اور کے ایم سی کا امیج بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ تمام افسران و ملازمین اپنے کارکردگی کو بہتر بنائیں اور خاص طور پر وہ محکمے جو ریونیو جمع کرنے میں مامور ہیں وہ اپنا ریونیو ٹارگیٹ حاصل کریں ، ریونیو کے محکموں کی ہر پندرہ دن بعد میٹنگ بلائی جائے گی اور انہیں اپنی کارکردگی اس میٹنگ میں پیش کرنی ہوگی تاکہ جائزہ لیا جاسکے کہ یہ محکمے کس حد ٹارگیٹ کے حصول کے لئے فعال ہیں، انہوں نے محکمہ فنانس کو بھی ہدایت کی کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر ان محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کریں اور اگر کوئی محکمہ اپنا ٹارگیٹ حاصل نہیں کرپا رہا ہے تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ وہ ہفتے کے ساتوں روز کام کریں گے اور افسران کو بھی ان کے ساتھ اسی طرح کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمیں شہریوں کی خدمت پر مامور کیا گیا ہے اور ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کریں تاکہ شہریوں کو بہتر نتائج مل سکیں۔ 
ایڈمنسٹریٹر کراچی

مزیدخبریں