سندھ کے ضلع قمبر میں سیلاب سے متاثرہ غریب خاندان کے خیمے میں آگ لگنے سے 3 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔افسوس ناک واقعہ نواحی گاؤں رب رکھو لاکھو میں پیش آیا جہاں رشید کھوسو اپنی فیملی کے ہمراہ خیمے میں سوئے ہوئے تھے تو موم بتی جلنے کی وجہ سے خیمے کو آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں4 سالہ امیر کھوسو، 7 سالہ صیحت خاتون اور 2 ماہ کی چاہت خاتون جاں بحق ہوگئیں۔آگ سے خیمے کا مالک رشید کھوسو، اس کا بھائی ضمیر علی، والدہ نصیباں اور اس کی بیوی شبیراں زخمی ہوئے ہیں ۔
رشید کھوسو کاکہنا ہے کہ 2022 کی بارش کے باعث گھر گر گئے تھے جس کی وجہ سے خیمے میں رہ رہے تھے اور چھوٹی بچی جاگ رہی تھی اور اس کی وجہ سے موم بتی جلائی ہوئی تھی جس سے آگ لگ گئی اور موٹرسائیکل اور سارا سامان بھی جل گیا، کچھ نہیں بچا ہم کسان ہیں، حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے بھی مدد کی اپیل ہے۔