کراچی:راشد منہاس روڈ پر مال میں آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ تیار

 کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع  آر جے شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ پولیس نے تیار کر لی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آر جے مال میں بجلی کے تاروں میں اسپارک سے آگ لگی، عمارت میں ناقص الیکٹریکل میٹریل اور فالس سیلنگ سے آگ پھیلی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ عمارت کی چوتھی منزل پر کیفے ٹیریا سے لگی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسپارک کے باعث تیز روشنی دیکھی جا سکتی ہے، عمارت میں ہنگامی اخراج اور آلات نہ ہونے کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بلڈر نے عمارت کی تکمیل کا سرٹیفیکیٹ حاصل نہیں کیا تھا، عمارت میں خد کار فائر سیفٹی نظام موجود نہیں تھا، آگ سے نقصان کا ذمے دار بلڈنگ کا مالک اور انتظامیہ ہے، تحقیقاتی ٹیم نے 12 اداروں کے ذمے داروں سے تفتیش کی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عمارت کے مالکان، سیکیورٹی انچارج، انتظامیہ سے تحقیقات کی گئیں، تحقیقات میں کنٹونمنٹ بورڈ، کے ای، کے ایم سی کی رپورٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ رپورٹ میں این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی رائے دی۔رپورٹ میں مال کے مالک، انتظامیہ اور دیگر کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے، کمپلیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر عمارتوں کو بجلی اور گیس کنکشن نہ دینے کی سفارش کی ہے۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ فائر ڈیپارٹمنٹ سے تمام عمارتوں کی منظوری کو لازمی قرار دیا جائے، عمارتوں میں ہر ماہ دو بار آگ سے بچنے کی مشق کی جائے، غیر معیاری عمارتوں کو فوری طور پر سر بمہر کیا جائے، حادثے میں زخمی اور جاں بحق افراد کو معاوضہ دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن