بھارت میں گورنر ہاؤس کو بم سے اُڑانے کی دھمکی

بھارت کی ریاست کرناٹک میں گورنر ہاؤس (راج بھون) کو بم سے اُڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پیر کی شب حکام کو گمنام کال موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ گورنر ہاؤس کے اندر بارودی مواد نصب ہے۔

اس کے فوراً بعد بارودی مواد کو تلاش کر کے ناکارہ بنانے کیلیے سرچ آپریشن کیا گیا لیکن حکام کا ماننا ہے کہ کسی نے مذاق کیا ہے۔

نامعلوم شخص نے قومی تحقیقی ایجنسی (این آئی اے) کو فون کر کے بتایا تھا کہ گورنر کی رہائش گاہ کو کسی بھی وقت باردوی مواد کے ذریعے تباہ کیا جا سکتا ہے۔ بنگلورو پولیس فوری حرکت میں آئی اور الرٹ جاری کیا۔

پولیس نے گورنر ہاؤس کے کونے کونے کی تلاشی لی لیکن کچھ نہیں ملا۔ حکام کا ماننا ہے کہ یہ کال شمالی کرناٹک کے بیدر ضلع سے کی گئی تھی۔

کچھ روز قبل اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں حکام کو کرناٹک کے 48 سرکاری اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی تھی.

ای پیپر دی نیشن