وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے دورہ چین کے دوران گزشتہ روز چینی وزراء سے ملاقاتیں کیں اور کمیونسٹ پارٹی کے ظہرانے میں شریک ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں ماحولیاتی بہتری، بائیو ڈائیورسٹی ، انسداد سموگ، جنگلی حیات اور شجرکاری کے فروغ و تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے اور بیجنگ پنجاب کلین ائر ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقاتوں میں اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ چین کے تعاون سے ایڈوانس ائر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا۔ چین ماحول دوست مشینری، توانائی، ای ٹرانسپورٹ اور ہائیڈرو پاور کے حوالے سے بھی مدد کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے جڑواں شہروں اور صوبوں کی تجویز پیش اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاروں کے لئے بھرپور تعاون کی پیش کش کی۔ مریم نواز نے بیجنگ میں چین کی نیشنل پیپلز کانگرس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین لی ہانگ زونگ سے بھی ملاقات کی۔ مسٹر لی ہانگ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی فیملی کمٹ منٹ کو سراہا۔
پاکستان چین دوستی تو اقوام عالم میں یقیناً ضرب المثل بن چکی ہے اور ا س میں کوئی دو رائے نہیں چین نے ہر کٹھن وقت میں پاکستان کا بے لوث ساتھ دیا ہے اور اس کی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے امداد و تعاون فراہم کرنے میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یہ خوش آئند صورت حال ہے کہ پاکستان چین دوستی کے ثمرات اب ان دونوں ممالک کے صوبوں کے مابین دوستی کی صورت میں بھی حاصل ہو رہے ہیں۔ چین صنعتوں کے علاوہ زراعت کے فروغ کے لئے بھی پاکستان کو اپنے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرتا ہے اور توانائی کے بحران سے عہدہ براء ہونے کے لئے چین کی معاونت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب میں چھ ایٹمی پاور پلانٹس بھی لگائے گئے۔ 1992ء میں اس وقت کے سپیکر پنجاب اسمبلی میاں منظور احمد وٹو کے دورہ چین کے دوران جہاں پنجاب میں زراعت کے فروغ کے لئے متعدد معاہدے کئے گئے وہیں چین کے صوبہ جیانگ سْو اور پنجاب کو جڑواں صوبے بھی قرار دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اب اپنے دورہ چین کے موقع پر چین اور پاکستان کے متعدد شہروں اور صوبوں کو جڑواں شہر اور جڑواں صوبے قرار دینے کی تجویز پیش کی ہے جس پر عملدرآمد سے پاکستان چین دوستی کی بنیادیں مزید مستحکم ہوں گی پاکستان چین اقتصادی راہداری کا مشترکہ منصوبہ (سی پیک) پہلے ہی اس خطے کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کی مضبوط بنیاد رکھ چکا ہے جبکہ اب مریم نواز کے دورہِ چین سے پاکستان کے لئے خوشحالی کے مزید راستے نکلنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
مریم نواز کے دورہ ٔ چین کے ثمرات
Dec 12, 2024