لاہور‘ فیصل آباد (خبر نگار+ این این آئی) جناح ہائوس حملہ سے متعلق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش میں حسان نیازی کی بہن کو مجرم اور 8کارکنوں کو بے گناہ قرار دے دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گذشتہ سال 9 مئی کے واقعات میں جناح ہائوس پر حملہ اور جلائو گھیرائو کے الزام میں درج مقدمہ میں جے آئی ٹی کی جانب سے تفتیش میں ملزمان خواتین سمیت 8 پی ٹی آئی کارکنان کو بے گناہ قرار دئیے جانے پر عبوری ضمانت کی درخواستیں نمٹا دیں جبکہ تحریک انصاف کی رہنما حاجرہ نیازی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 15 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے ملزمان کے وکلا کو ضمانت پر دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کرلیا۔ ملزمان خواتین سمیت دیگر عبوری ضمانت کی حاضری کیلئے پیش ہوئے جبکہ حاجرہ نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی بھی عدالت میں بیٹی کے ساتھ پیش ہوئے۔ جے آئی ٹی نے تفتیش میں تحریک انصاف کی خواتین توصیف خانم، سعدیہ ایوب، ثروت شاہد، نادرہ عمر، وحید الرحمان، ساجد پرنس اور بلال فرحانہ فاروق کو بیگناہ قرار دے دیا۔ جے آئی ٹی تفتیش میں سیدہ فاطمہ حیدر، بینا ذیشان، رخسانہ نوید قصور وار قرار پائی گئیں۔ جبکہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی مقدمات میں سابق صوبائی وزیر اشرف سوہنا پر فرد جرعام کردی۔ اسماعیل سیلا، شیخ شاہد جاوید، جسقوق گل پر بھی فرد جرم عائدکردی گئی۔ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد کو بھی 9مئی کے مقدمہ میں چارج شیٹ کردیا گیا، عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور کنول شوزب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی گئیں۔ ادھر انسداد دہشت گردی لاہور نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پانچ مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت 4جنوری تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے مغلپورہ زمان پارک اور جناح ہائوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے پانچ مقدمات کی سماعت کی۔
9مئی واقعات: 8کارکن بے گناہ‘ حسان نیازی کی بہن مجرم قرار ‘ اشرف سوہنا پر فرد جرم عائد
Dec 12, 2024