لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دورہ چین کے تیسرے روز شنگھائی میں چینی حکام سے ملاقاتیں کیں اور دورے کیے۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے آمد پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے پنجاب اور شنگھائی کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سائنس، ٹیکنالوجی، انڈسٹری اور انڈسٹری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں اکنامک اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستانی طلبہ اور ماہرین کو ٹریننگ اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عالمی سطح پر شنگھائی کا فنانشل اور ٹریڈ ہب کے طور پر ابھرنا قابل تحسین امر ہے۔ آٹو موبائل، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹر اور روبوٹک سمیت دیگر شعبوں میں شنگھائی کی کمپنیوں سے اشتراک کار چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون اور ماہرین کی کیپسٹی بلڈنگ سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے فروغ پارہی ہے۔ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر مایہ ناز صدر زی جن پنگ کے ویژن کے مطابق ترقی کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نوازشریف اور شہبازشریف کے دور حکومت میں مزید قریب آئے اور اہل چین سے انس میرے خون میں شامل ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور عوامی رابطے، باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے میوزیم کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور وفد کو کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ارتقا کے تاریخی سفر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی پی سی میوزیم میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی بصری تاریخ دکھائی گئی اور چینی انقلاب کے روح رواں مائوزے تنگ کی جدوجہدکے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کا بصری ارتقائی سفر بھی پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں کیمونسٹ پارٹی کے قیام سے موجودہ صدر شی جن پنگ کے منصب سنبھالنے تک تمام تاریخی واقعات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چینی قیادت کے مجسموں میں دلچسپی کا اظہارکیا اور چین کے قدیمی ادوار میں زیر استعمال اشیاء کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چینی قیادت کے مجسماتی اجلاس کو دیکھ کر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سی پی سی میوزیم میں ڈیجیٹل ہسٹری کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر میوزیم میں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور انہوں نے لکھا کہ چین کی تاریخ کا بصری مشاہدہ غیر معمولی اور یادگار تجربہ ہے۔ چین نے دنیا کی تاریخ کا غیر معمولی معجزہ کر دکھایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سی پی سی میوزیم میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 130سالہ تاریخ کا بھرپور عکس نظر آتا ہے۔ کیمونسٹ پارٹی کے ارتقا نے ناصرف چین بلکہ پوری دنیا کو بدل دیا ہے۔ ناصرف پاکستانی بلکہ پوری دنیا چین میں آنے والی گراں قدر تبدیلی سے مستفید ہورہی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کا دورہ بھی کیا۔ ہانگ چی آؤ، امپورٹ کموڈیٹی، ایگزی بیشن اور ٹریڈنگ سنٹر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے نمائش میں رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور نمائش میں پاکستانی سٹال کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو نمائش کے مختلف شعبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ای کامرس کے شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہانگ چی آؤ امپورٹ نمائش اینڈ ٹریڈ سنٹر میں قائم پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستانی پویلین میں پاکستان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرنے والے نوجوان تاجر سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کے حکام کو ای کامرس کی سٹڈی کرنے اور پنجاب میں ای کامرس کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے قیام کا مقصد پنجاب میں آئی ٹی پروڈکٹ کا فروغ ہے۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ای کامرس کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شنگھائی میں جِنکو سولر کمپنی کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو جنکو کمپنی کی سولر ٹیکنالوجی اور معیاری سولر مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چین اور پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے جنکو سولر کمپنی کو پنجاب میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی ٹیم سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے لئے ورکنگ اور معاونت کرے گی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ترغیب پر جنکو سولر کمپنی پنجاب میں چارجنگ سٹیشن بھی قائم کرے گی۔ مریم نواز شریف نے جِنکو سولر کو پنجاب میں گرین انرجی منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں قابلِ تجدید اور سستی سولر انرجی کے منصوبے کے عزم کا اظہار کیا اور جنکو کمپنی کو سولر ٹیکنالوجی میں جدت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ سولر توانائی استعمال میں لا کر روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں گے۔ سولر انرجی سے بجلی کے اخراجات میں کمی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی کم کر سکتے ہیں۔مریم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں 7 خوارج کو واصل جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز اور خوارج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے لانس نائک محمد امین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جان جیسا قیمتی نذرانہ دینے والے شہداء اور انکی فیملیز کو سلام پیش کرتی ہوں۔