اچھی گورننس کیلئے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی میں بہتری آئیگی: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ وزیر اعظم کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی  موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات  کر رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکیج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے شاہ غلام قادر  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔ وفاقی حکومت نے ملکی جی ڈی پی گروتھ 9.8 فیصد تک لے جانے، شرح خواندگی 70 فیصد تک بڑھانے اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانے کے لیے ’’اڑان پاکستان‘‘ کے نام سے نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2024-25 متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئے پانچ سالہ اڑان پاکستان منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کل خصوصی تقریب میں نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن منصوبہ  کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے منظور کردہ نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن منصوبے کے تحت اگلے پانچ سال میں شرح نمو نو اعشاریہ 8 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ شرح خواندگی 70 فیصد تک بڑھانے اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانا بھی منصوبے میں شامل ہے ادھر ادارہ جاتی اصلاحات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے گورننس کی بہتری کیلئے نئے تعینات ماہرین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورننس  کی بہتری کیلئے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی۔ اہم فیصلوں کی ماہرین کی رائے کے بعد منظوری سے دور رس مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔ یہ انتہائی قابل مسرت امر ہے کہ ہم باصلاحیت لوگوں کی خدمات سے مستفید ہوں گے۔ حکومت ملک کے ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہی ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن، خود کار نظام اور فیصلہ سازی میں بہتری ہی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر گئے اور ان سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔ شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کے موجودہ صورت کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی جنہوں نے پاکستان میں اپنی چار سالہ مدت مکمل کر لی۔ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی کے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم کی زیرصدارت شام سے پاکستانیوں کے انخلاء سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں شام سے پاکستانیوں کے انخلاء میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیروت پہنچنے والے پاکستانی 13, 12 دسمبر کی درمیانی شب چارٹرڈ پرواز سے پاکستان پہنچیں گے۔ وزیراعظم نے احسن اقبال کو ہوائی اڈے پر پاکستانیوں کے استقبال کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن