پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان برقرار ہے. کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 370 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار کی نئی حد بھی عبور کرگیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے دوران 3 بجکر 26 منٹ پر بینچ مارک 100 انڈیکس 3 ہزار 543 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 353 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ بدھ کو مارکیٹ ایک لاکھ 10 ہزار 810 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔تاہم کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 3 ہزار 370 پوائنٹس یا 3.04 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 180 کی سطح پر بند ہوا۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں نشاندہی کی کہ اسٹاک مارکیٹ میں 180 فیصد منافع ریکارڈ کیا گیا جو صرف 18 ماہ میں 40 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 12 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے لکھا کہ یہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی 75 سالہ تاریخ میں بہترین بحالی ہے.جس میں قیمت میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے اور بے مثال لچک کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف نے کہا کہ مانیٹری پالیسی کے اعلان سے قبل گزشتہ روز کی نیلامی میں ٹریژری بلز (ٹی بلز) کے منافع میں نمایاں کمی اور میکرو اکنامک آؤٹ لُک میں بہتری نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دی ہے۔حکومت نے بدھ کو مختلف مدتوں کے ٹی بلز کے منافع میں 100 بیسس پوائنٹس تک کی کٹوتی کی ہے. جس سے 16 دسمبر کو ہونے والے آئندہ جائزے میں شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات کو تقویت ملی ہے۔محمد اشرف نے کہا کہ زیادہ منافع کی پیش کش کرنے والی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے مستفید ہونے والی کمپنیوں کا انڈیکس کے منافع میں سب سے زیادہ حصہ ہے۔چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی ٹی بل نیلامی میں منافع میں کمی کی وجہ سے مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی آئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فکسڈ انکم پر کم منافع نے اسٹاک کو زیادہ پرکشش بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے آج ایکویٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے ریٹیل سرمایہ کاروں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ ’قلیل مدتی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر رد عمل دینے سے گریز کریں اور اس کے بجائے طویل مدتی نقطہ نظر کے ساتھ ہر ماہ ایکویٹیز میں مستقل بچت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کریں‘۔یوسف ایم فاروق نے مزید کہا کہ خطرات کو کم کرنے اور وقت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کرنے کے لیے اپنی معلومات کے مطابق اسٹاک کے متنوع پورٹ فولیو کی تعمیر ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ’مالی ترقی اور استحکام کے حصول کے لیے صبر، نظم و ضبط اور باقاعدگی سے سرمایہ کاری کا عزم ضروری ہے‘۔
گزشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس میں پوائنٹس کے لحاظ سے 7 ہزار 697 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا۔