میٹا پلیٹ فارمز نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’افتتاحی فنڈ‘ میں 10 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا ہے.جو سی ای او مارک زکربرگ کی جانب سے نئے صدر کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کا تازہ ترین قدم ہے۔میٹا کمپنی کی جانب سے ’عطیہ‘ دینے کی تصدیق کی گئی ہے. تاہم یہ اقدام مارک زکربرگ اور ان کی کمپنی کی جانب سے ماضی کی روایت سے مختلف ہے اور حالیہ انتخابی مہم کے بعد سامنے آیا ہے. ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ’ٹیک ٹائی کون‘ کو دھمکی دی تھی کہ اگر انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو انہیں سزا دی جائے گی۔امریکا میں آنے والی نئی انتظامیہ کے لیے کردار اور کوششیں ٹیکنالوجی کے سی ای اوز کے لیے توازن قائم کرنے کے عمل کی علامت ہیں، جن کی کمپنیاں اکثر ٹرمپ اور دیگر ریپبلکنز کی ناراضگی کا نشانہ بنتی رہی ہیں. ان کپمنیوں کی افرادی قوت کا جھکاؤ بائیں بازو کی جانب ہوتا ہے۔اب جبکہ ریپبلکنز وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے تیار ہیں اور ٹیکنالوجی کے نئے ضابطوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، کچھ ایگزیکٹوز ٹرمپ کے بارے میں ایک نیا موقف اختیار کر رہے ہیں۔ایمازون کے بانی جیف بیزوس (جو طویل عرصے سے نومنتخب صدر کے مخالف رہے ہیں) نے انتخابات کے بعد ٹرمپ کو ’غیر معمولی سیاسی واپسی اور فیصلہ کن فتح‘ پر مبارکباد دی تھی اور اس ماہ انہوں نے کہا کہ وہ اس بار واقعی بہت پرامید ہیں۔نیو یارک ٹائمز کے زیر اہتمام ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیف بیزوس نے کہا تھا کہ میں نے اب تک جو دیکھا ہے وہ یہ ہے کہ وہ (ٹرمپ) پہلی بار کے مقابلے میں زیادہ پرسکون ہیں اور زیادہ پراعتماد اور زیادہ مستحکم ہیں۔مارک زکربرگ کی جانب سے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا آغاز کئی سال قبل ہوا تھا، جس میں نومبر میں ٹرمپ کے ساتھ پام بیچ میں واقع ان کے نجی مار لاگو کلب کے صحن میں عشائیہ بھی شامل تھا، اس ملاقات کے دوران تعلقات کی عمومی تعمیر پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔مارک زکربرگ اور ان کے مشیروں نے سینیٹر مارکو روبیو(ٹرمپ کی جانب سے نامزد وزیر خارجہ) سے بھی ملاقات کی ہے، اس کے علاوہ وائٹ ہائوس میں آنے والے 3 نئے مشیروں اسٹیفن ملر، وائنس ہیلے اور جیمز بلیئر سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔عشائیہ سے قبل مارک زکربرگ نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو میٹا کے رے بین اسمارٹ گلاسز تحفے کے طور پر دیے، ان کی ٹیم نے افتتاحی فنڈ کو بتایا کہ میٹا عطیہ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔فیڈرل کمپین فنانس کی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارک زکربرگ نے گزشتہ برسوں کے دوران دونوں جماعتوں میں سے کانگریس کے امیدواروں کی حمایت کی ہے. تاہم وہ صدارتی دوڑ کے معاملے سے باہر رہے ہیں۔پبلک ریکارڈ کے مطابق نہ تو مارک زکربرگ اور نہ ہی میٹا نے 2017 میں ٹرمپ کے افتتاحی فنڈ میں یا 2021 میں صدر جو بائیڈن کے فنڈ میں عطیہ دیا تھا. ان دونوں فنڈز نے ایک درجن سے بھی کم بڑی کارپوریشنوں سے 10 لاکھ ڈالر کے عطیات حاصل کیے تھے۔