وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کے ثمرات ملنے شروع ہوگئے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی ) کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے. ملک میں کاروبار کرنے کے لئے ماحول میں بہتری آئی ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے بارے میں عالمی سوچ منفی 10 فیصد سے نکل کر 31 فیصد مثبت پر آگئی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں. پاکستان کے مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی ہے جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی ہے جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیمنٹ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے. برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ترجیح ہے. حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنے شروع ہو گئے ہیں۔
عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ترجیح ہے:وزیراعظم
Dec 12, 2024 | 19:16