انکم ٹیکس استثناءسرٹیفکیٹ کی مدت ایک سال کی جائے: پیاف

Feb 12, 2013


لاہور (کامرس رپورٹر) پیاف نے چیئرمین ایف بی آر پر زور دیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈینینس کے تحت امپورٹ کے مرحلہ پر پورے سال کا انکم ٹیکس جمع کرانے والے کاروباری اداروں کے لیے انکم ٹیکس استثنا کے سرٹیفکیٹ کی مدت تین ماہ سے بڑھا کر ایک سال کی جائے۔ جن اداروں نے امپورٹ کے مرحلہ پر پورا انکم ٹیکس ایڈوانس ادا کیا ہوا ہے انہیں پورے سال کی بجائے صرف تین ماہ کے استثنا کا سرٹیفکیٹ دینا سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔ موجودہ  صورت میں کاروبار نہیں ہو سکے گا۔ کاروباری طبقہ ٹیکس افسران کے پاس جانے اور پیشیاں بھگتنے میں ا پنا سارا وقت برباد کرتا رہے گا کیونکہ تین ماہ میں سے ایک ماہ استثنا کی درخواست پراسس کرنے میں ضائع ہو جاتا ہے۔ پیاف کے چیئرمین انجنئر سہیل لاشاری نے کہا ہے کہ موجودہ فیصلہ کی وجہ سے پورے سال کا ایڈوانس انکم ٹیکس جمع کرانے کے باوجود انکم ٹیکس استثنا کا سرٹیفکیٹ صرف تین ماہ کا دینا کسی طور قرین انصاف نہیں۔ ایک سال کی بجائے انکم ٹیکس استثنا کے سرٹیفکیٹ کی مدت تین ماہ کرنے سے رشوت کا بہت بڑا گیٹ کھلے گا۔

مزیدخبریں