لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے کہا کہ حکومتی سپورٹ اور فنڈز کی دستیابی ہوتے ہی ملک کے مختلف سنٹرز میں گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اکیڈیمیز کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ باکسنگ کی عالمی تنظیم آئبا نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات کو درست قرار دیتے ہوئے تسلیم کر لیا۔ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے مختلف اہداف مقرر کر رکھے ہیں جس میں اولین ترجیح 2014ءکے عالمی مقابلوں کے ساتھ ساتھ 2016ءکے اولمپکس گیمز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کیا ہوا اسے بھول کر پاکستان باکسنگ کی نئی تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرونگا اور ایسا موقع نہیں آنے دیا جائیگا کہ فنڈز کی کمی کے باعث قومی کھلاڑی کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی وزارت سپورٹس کو فوری بحال کیا جائے جس کے نہ ہونے کی وجہ سے کھیلوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ سا¶تھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے پاکستان باکسنگ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے اسلام آباد میں جاری ہے۔ قومی باکسرز کی تربیت کے لئے کیوبن کوچ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جس کا نام ابھی فائنل نہیں ہوا۔ تاہم فیڈریشن نے مارچ اپریل میں رینکنگ ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے یوتھ باکسنگ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا ارادہ کیا ان ٹورنامنٹس سے پاکستان باکسنگ کو ترقی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے انگلینڈ میں اپنی کلب میں پاکستان باکسرز کو تربیت دینے کا جو وعدہ کیا وہ آج بھی اس پر قائم ہیں جیسے ہی کوئی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ قریب آئے گا اس کی تیاری کے لئے قومی باکسرز کو عامر خان کی اکیڈمی میں تربیت کے لئے بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مزید نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لئے گلگت اور آزاد کشمیر میں بھی ٹورنامنٹس کے انعقاد کا پروگرام ہے۔