اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری ممتاز یوسف نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے سکیورٹی کی وجہ سے ڈیوس کپ ٹائی پاکستان کی میزبانی سے انکار کر دیا۔ نیوزی لینڈ کےخلاف ڈیوس کپ ٹائی کیلئے نیوٹرل جگہ کا انتخاب ایک ہفتہ تک کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائی ملائیشیا میں کرانے کیلئے پاکستان نے درخواست دی ہے امید ہے ایک ہفتہ تک نیوٹرل وینیو کا فیصلہ ہو جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کا گراس کورٹ قومی کھلاڑیوں کیلئے سودمند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائی پاکستان میں کرانے کیلئے آئی ٹی ایف کو درخواست کی تھی تاہم پاکستان میں سکیورٹی کی وجہ سے آئی ٹی ایف نے پاکستان کو ٹائی کی میزبانی دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں ڈیوس کپ ٹائی ملائیشیا میں کرانے کا 90 فیصد یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دونوں کھلاڑی اعصام الحق اور عقیل خان نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کی تیاری کیلئے گراس کورٹ پر تیاری کریں گے۔ سیکرٹری نے کہا کہ قومی کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹائی کیلئے بھرپور تیاری کریں گے۔