افتتاح کے دوسرے روز شہری دن بھر میٹرو بس میں سفر کرتے رہے

Feb 12, 2013


لاہور (سٹاف رپورٹر) میٹرو بس سروس کے آغاز کے بعد ایک ماہ تک فری سفری سہولت کے فیصلے پر افتتاح کے دوسرے روز صوبائی دارلحکومت میں شہری بڑی تعداد میں صبح سے لیکر دن بھر میٹرو بس میں سفر کرتے رہے اور بہت سے شہریوں نے بطور تفریح سفر کرتے ہوئے تین سے چار مرتبہ گجومتا سے شاہدرہ تک سفر کیا اور اس منصوبے کو شاندار قرار دیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا، صبح سویرے کئی جگہوں پر رش کی وجہ سے دھکم پیل بھی نظر آئی۔ گزشتہ روز میٹرو بس میں سفر کرنیوالوں میں ایک بڑی تعداد سیکرٹریٹ، پی اینڈ ڈی،گورنمنٹ پرنٹنگ پریس، ائیرگیشن، سی اینڈ ڈبلیو، بورڈ آف ریونیو، آئی جی آفس اور صوبائی محتسب کے ملازمین اور افسران نے کی بھی رہی جبکہ صوبائی دارلحکومت کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر وکلاءبرادری کی بڑی تعداد نے بھی میٹرو بس میں سفر کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مزدوروں، محنت کشوں کی بڑی تعداد گذشتہ روز میٹرو بس کی مفت سفری سہولیات کے ذریعے بروقت اپنی منزل پر پہنچے۔ شہریوں نے میٹروبس کو مڈل کلاس طبقے کا ”سفری پروٹوکول“ سروس قرارا دیدیا ہے جس میں کسی جگہ کوئی رکاوٹ نہیں اور نہ ہی کہیں ٹریفک جام کا مسئلہ درپیش ہے بغیر بریک لگے میٹرو بس کی منزل کی جانب گامزن رہنے پر شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور فخر محسوس کرتے رہے۔
میٹرو بس

مزیدخبریں